قتل کیس کے ملزم کو سزائے قید

نظام آباد:11؍ جون( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)قتل کے کیس میں ملوث ایک شخص کو ضلع جج نے 10 سال کی سزاء سناتے ہوئے فیصلہ سنایا ۔ پبلک پراسیکوٹر راجندرریڈی کی اطلاع کے بموجب آرمور کے رنگا چاری کالونی کے راج محمد اور اس کے ساتھی محمد یعقوب کے درمیان 7؍ جون 2013 ء کے روز روپیوں کے معاملہ میں جھگڑا ہوا تھا جس پر یعقوب نے راج محمد پر حملہ کردیا تھا۔ حملہ سے شدید زخمی راج محمد کو نظام آباد سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا حالت تشویشناک ہونے پر حیدرآباد گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا علاج کے دوران 9؍جون 2013 ء کے روز راج محمد جانبر نہ ہوسکا راج محمد کی بیوی کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے بعد تحقیقات جارج شیٹ پیش کی تھی ۔ گواہوںکے بیانات کے بعد ضلع جج ڈاکٹر شمیم اختر نے 10سال کی سزاء اور ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔

جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر کو
مبارکباد
شمس آباد۔/11جون، ( سیاست نیوز) جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر سے شمس آباد کے ایک وفد نے جس میں جناب محمد یوسف علی خاں صدر جامع مسجد شمس آباد، ایس ایم افسر قادری، محمد مجتبیٰ علی خاں سلیم شامل تھے ملاقات کرتے ہوئے انھیں مبارکباد پیش کی۔ جناب محمد یوسف علی خاں نے کہا کہ جناب محمد محمود علی کو ملک کی 29ویں ریاست تلنگانہ کے پہلے ڈپٹی چیف منسٹر بننے کا اعزاز حاصل ہوا اور ہمیں امید ہے کہ وہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔