قتل کیس میں ملوث 5 افراد گرفتار

حیدرآباد /23 ستمبر ( سیاست نیوز ) بنجارہ ہلز پولیس نے قتل کیس میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے ایم ایل اے کالونی سے 17 ستمبر کے دن ایک جھلسی ہوئی نعش کو برآمد کرلیا تھا ۔ جس کی شناخت 27 سالہ احمد خان ساکن شاہین نگر کی حیثیت سے کرلی گئی تھی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بنجارہ ہلز مسٹر ادھئے کمار نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران ملزمین کو میڈیا کے روبرو پیش کیا اور بتایا کہ بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن سے وابستہ کانسٹیبل خواجہ ولی الدین اور ہوم گارڈ رمیش نے بڑی ہنر مندی سے خدمات انجام دیتے ہوئے قتل کیس کے اس معمہ کو حل کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 36 سالہ سید غوث عرف گبر 35 سالہ محمد عارف عرف اجو ساکنان شاہین نگر 21 سالہ اظہر الحق 25 سالہ غوث خان ساکنان سید نگر فرسٹ لانسر اور 28 سالہ محمد محمود ساکن ایل بی نگر کو گرفتار کرلیا گیا۔ اے سی پی بنجارہ ہلز نے بتایا کہ احمد خان جنسی بے راہ روی کا عادی تھا وہ گبر کی بیوی اور کمسن بیٹی کو ہوس کا شکار بنانا چاہتا تھا اور دونوں کے درمیان دشمنی پیدا ہوگئی تھی ۔ گبر نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے اپنے چار ساتھیوں کو شامل کرلیا اور احمد خان کا قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو کچرے کے ڈھیر میں ڈال کر آگ لگادی ۔ پولیس نے اس کیس کو حل کرلیا اور ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔