قتل کیس میں ایک طالب علم کی خودسپردگی

بودھن۔/29جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایڑ پلی منڈل کے موضع پوچارم کا متوطن گینی پوشٹی جو عمر قید کی سزا کاٹ کر اپنے گاؤں لوٹا چند دن بعد اپنی ہمشیرہ کے مکان میں مشتبہ طور پر مردہ پایا گیا تھا۔ اس کی موت کے بعد پولیس کی جانب سے تحقیقات کے آغاز ہونے سے قبل اندرا نامی خاتون نے پوشٹی کے قتل کا الزام اپنے سر لیکر اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کردیا تھا۔ بعد ازاں اس قتل میں تعاون کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے پالی ٹیکنک کا ایک طالب علم گینی سندیپ نے خود کو پولیس کے سپرد کردیا تھا۔ پولیس نے مزید تین افراد اندرا کے شوہر سائیلو، کروناکر، سدھاکر اور مزید ایک شخص جملہ چھ افراد کے خلاف ایف آئی آر تیار کیا۔ ان کے علاوہ بعض مشتبہ افراد کو بھی پولیس نے پوچھ تاچھ کیلئے پولیس اسٹیشن طلب کیا۔ اس قتل کا مقدمہ درج ہونے کے بعد ضلعی سطح پر سب انسپکٹرس کے دو مرتبہ تبادلے ہوئے۔ یہاں ایڑ پلی پولیس اسٹیشن میں بھی دو سب انسپکٹرس آکر چلے گئے۔ اس دوران مجرمین کو اپنے بچاؤ کے لئے مہلت مل گئی۔ دو مقامی قائدین منظر پر آکر بعض مشتبہ افراد کے بچاؤ کی کوشش کررہے ہیں۔ متوفی گینی پوشٹی کی پیروی کرنے والا یہاں کوئی نہیں ہے۔ ضلع ایس پی کی جانب سے اصل قاتلوں پرگرفت مضبوط کرنے مقامی پولیس کو ہدایت وصول ہونے کی اطلاع ہے۔

نوجوان کی خودکشی
بانسواڑہ۔/29جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بانسواڑہ منڈل کے سنگوجی پیٹ کے متوطن 35سالہ سائیلو نے قیام تلنگانہ میں تاخیر سے دلبرادشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے بموجب تلنگانہ تحریک میں وہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتا تھا۔ تلنگانہ کے قیام میں تاخیر سے وہ دلبرداشتہ ہوگیا اور اس نے دو دن قبل کیڑے مار دوا پی کر اقدام خودکشی کرلیا۔ فوری افراد خاندان نے اسے تشویشناک حالت میں نظام آباد پرائیویٹ ہاسپٹل سے رجوع کیا لیکن وہ فوت ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی ٹی آر ایس پارٹی کے صدر نارلہ سریش،پارٹی کارکن سائیلو، پنڈیری، سرینواس، سائی بابا، سنجیو ریڈی، گنگادھر، کانگریس کے کارکن پہنچ گئے۔ متوفی کو بیوی کے علاوہ دو لڑکیاں ہیں۔