حیدرآباد 8 جون (سیاست نیوز) رین بازار پولیس نے مرزا منیر بیگ عرف منیر شاہ کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 34 سالہ سید سلیمان نے جو پیشہ سے باورچی ہے، 7 جون کی شب اپنے ساتھی منیر شاہ پر کفگیر سے حملہ کرکے اُس کا قتل کردیا تھا۔ انسپکٹر رین بازار مسٹر محمد جاوید نے بتایا کہ قتل سے پہلے منیر شاہ رشیدیہ فنکشن ہال پہونچ کر سلیمان اور دیگر سے معمولی مسئلہ پر گالی گلوج کی تھی۔ سلیمان اور دیگر باورچی رمضان کے موقع پر شادی خانہ میں حلیم تیار کررہے تھے کہ منیر شاہ نے اُنھیں حالت نشہ میں گالی گلوج کی۔ جس پر برہم سلیمان نے وہاں پر موجود کفگیر سے منیر کے سر پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 2012 ء میں بھی سلیمان نے ایک گداگر محمد عتیق کے سر پر وزنی پتھر ڈال کر قتل کردیا تھا۔