نئی دہلی 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی کے عہدہ سے مستعفی ہونے کے 3 ماہ بعد اروند کجریوال نے آج دہلی اور ملک کے عوام سے ’’قبل ازوقت مستعفی‘‘ ہونے پر معذرت خواہی کی اور کہاکہ اِن کی پارٹی انتخابات کی تیاری کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ پارٹی کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا اور اِس میں انتخابات کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ جو عوام کا ساتھ دیں گے، آئندہ دنوں میں کئی جلسے منعقد کئے جائیں گے اور اِن جلسوں میں دہلی کے عوام سے معذرت خواہی کرتے ہوئے ان سے گزارش کی جائے گی کہ پارٹی کو قطعی اکثریت حاصل کرنے میں اس کی مدد کریں۔ دوبارہ تشکیل حکومت کے امکانات کے بارے میں سوال کاک جواب دیتے ہوئے کجریوال نے کہاکہ امکانات ہیں لیکن فی الحال تشکیل حکومت کا ارادہ ناقابل عمل ہے۔ کجریوال نے کل لیفٹننٹ گورنر دہلی نجیب جنگ سے ملاقات کرتے ہوئے اُن سے عنقریب اسمبلی تحلیل نہ کرنے کی خواہش کی تھی ۔