قبرستانوں کی عدم حصار بندی کے سبب غیر مجاز قبضے

اوٹکور میں 5 لاکھ روپئے فنڈس کی فراہمی پر رام موہن ریڈی سابق رکن اسمبلی کو تہنیت کی پیشکشی
اوٹکور /9 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم قبرستان کمیٹی اوٹکور کی جانب سے مسٹر چیٹم رام موہن ریڈی سابق رکن اسمبلی مکتھل کی ایک تہنیتی تقریب زیر صدارت جناب محمد منیر احمد فاروقی صدر کمیٹی قبرستان منعقد ہوئی۔ اس موقع پر جناب منیر احمد فاروقی نے مسٹر رام موہن ریڈی کی گلپوشی کی۔ اردو ہال میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب منیر احمد فاروقی نے کہا کہ اوٹکور کے مسلمانوں کے قبرستانوں کی حصار بندی نہ ہونے کی وجہ سے غیر مجاز قبضے ہو رہے ہیں۔ قبرستان جو کہ سروے نمبر 137 اور اس پر عمداً ہاؤزنگ عہدہ داروں کا قبضہ ہو رہا تھا، مسلمانوں نے مداخلت کی اور تعمیر کو رکوایا۔ مسلمانوں کی ملکیت پر عمداً پولیس اسٹیشن بنایا گیا ہے، جب کہ اس کے قریب مسلمانوں کی قبور ہیں اور بزرگوں کی قبور پر آج بھی کتبے لگے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ نارائن پیٹ۔ مکتھل کے قومی شاہراہ پر عیدگاہ اہل حدیث کے قریب مسلم قبرستان جو سروے نمبر 663 اور 664 پٹہ کیا ہوا ہے، اس قبرستان کی حصار بندی میں رکاوٹ پیدا کی جا رہی ہے۔ اس قبرستان کا ریکارڈ اوقاف میں بھی ہے

اور اس کا سروے نمبر 681 ہے۔ وقف میں اس اراضی کا ریکارڈ پانچ ایکڑ 34 گنٹہ ہے۔ جناب منیر احمد نے مزید بتایا کہ عمداً مسلم قبرستان میں محکمہ الکٹریسٹی کی جانب سے برقی کھمبے نصب کرنے کے موقع پر کھدائی کے دوران قبر سے ہڈیاں برآمد ہوئیں، جس پر مسلمانوں نے مداخلت کی اور محکمہ برقی کے خلاف ایک کیس درج کروایا۔ انھوں نے کہا کہ قبرستان میں مرے ہوئے جانوروں کو ڈالا جا رہا ہے اور غیر مجاز قبضے ہو رہے ہیں، جب کہ تعمیری کاموں کے لئے فنڈس کی فراہمی کا ریاستی وزیر ڈی کے ارونا سے مطالبہ کیا گیا تھا، جس پر محترمہ نے قبرستان کی حصار بندی کے لئے 5 لاکھ روپئے منظور کروائے، جب کہ اس رقم کی منظوری کے احکامات مسٹر رام موہن ریڈی سابق ایم ایل نے صدر کمیٹی کے حوالے کئے۔ اس موقع پر جناب منیر احمد نے رام موہن ریڈی کی کامیاب مساعی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ ڈی کے ارونا سے مزید رقم کی اجرائی کے لئے نمائندگی کریں۔ مسٹر رام موہن ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی مسائل حل کرنا میرا اور ارونا کا کام ہے، یہ ہمارا نصب العین ہے۔ میرے آنجہانی والد نرسی ریڈی نے مجھے نصیحت کی تھی کہ عوامی مسائل حل کرو۔ قبرستان کے لئے اس پانچ لاکھ روپئے کے علاوہ اضافہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر محمد نظام پاشاہ مکتھل ڈی سی سی بی چیرمین ضلع، مسٹر وینکٹ رام ریڈی، اروند کمار، پرکاش ریڈی، محمد بشیر احمد تاڑ پتڑی، ضمیر علی، عبد القادر کے علاوہ اراکین کمیٹی قبرستان اوٹکور نے شرکت کی۔