قبائیلی نوجوانوں کو تعلیم کے ذریعہ باشعور بنانا ضروری

مدن پور۔ رام پور (اوڈیشہ)۔ 30؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ قبائیلی نوجوانوں کی تعلیم کے ذریعہ ترقی کا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے قبائیلی اور نکسلائیٹ زیر اثر علاقہ میں ایک جلسہ سے خطاب کیا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں سوامی ویویکانند کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے ہر ایک سے خواہش کی کہ سماجی اعتبار سے محروم افراد کو تعمیر قوم میں مدد دینے کے لئے آمادہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ اس علاقہ کو پسماندہ اور غربت زدہ سمجھا جاتا ہے۔ اس علاقہ کے ارکان پارلیمنٹ کئی بار اس علاقہ سے متعلق کئی مسائل پارلیمنٹ میں اُٹھا چکے ہیں۔ نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لئے کیا کِیا جانا چاہئے؟ یہ سوال کرنے کے بعد انھوں نے خود ہی اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسا صرف تعلیم کے ذریعہ ممکن ہے۔ سری رام کرشنا آشرم میں ویویکانند کی یادگار میں عمارت تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انھوں نے اس علاقہ کی غربت اور پسماندگی پر اظہار اندیشہ کیا اور کہا کہ مدن پور۔ رام پور کا علاقہ کبھی مالدار اور شاندار تمدن کا علاقہ تھا۔ اس کے جنگلاتی وسائل میں مہاکبٹارا (عظیم جنگل) کے نام سے شہرت حاصل کی تھی۔ انھوں نے غریبوں کی فلاح و بہبود خاص طور پر اس علاقہ میں مقیم بچوں کے لئے آشرم کی فلاحی خدمات کی ستائش کی۔