قاہرہ میں پولیس بریگیڈیئر جنرل بم دھماکے میں ہلاک

قاہرہ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مصر میں پولیس بریگیڈیئر جنرل احمد ذکی کی بم دھماکے میں موت واقع ہوگئی۔ دارالحکومت قاہرہ کے مغربی مضافاتی علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں ان کی کار کے نیچے بم رکھ دیا گیا تھا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اسلام پسند صدر محمد مرسی کی گزشتہ جولائی میں معزولی کے بعد شدت پسندوں کی جانب سے سکیورٹی فورسیس کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس بریگیڈیئر جنرل پانچویں عہدیدار ہیں جنہیں اندرون ایک ہفتہ قاہرہ میں نشانہ بنایا گیا ہے، وہ مصر کی سکیورٹی فورسیس میں کمانڈر تھے اور مرسی کے حامیوں کے خلاف کارروائی میں پیش پیش رہے تھے۔ جاریہ سال سے جاری پولیس پر حملوں میں ہلاک ہونے والے وہ تیسرے جنرل ہیں۔ ایک غیرمعروف جہادی گروپ اجناد مصر نے قاہرہ میں کئی حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ اس گروپ نے اخوان المسلمین کے خلاف کارروائی کا انتقام لینے کا عہد کیا ہے۔ ایک اور جہادی گروپ انصار بیت المقدس نے بھی کئی بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔