نظام آباد :یکم اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)قانون ساز کونسل کے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ دوبارہ ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والے محمد علی شبیر کو حاصل ہونے پر ضلع کی عوام میں مسرت پائی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ یہ عہدہ قبل از ضلع سے تعلق رکھنے والے ڈی سرینواس کے پاس تھا ۔ اس عہدہ کی معیاد کے اختتام کے بعد دوبارہ ضلع سے تعلق رکھنے والے محمد علی شبیر کو حاصل ہونے پر عوام میں مسرت پائی جارہی ہے ۔ کانگریس امور کے انچارج ڈگ وجئے سنگھ نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو اس بارے میں واقف کراتے ہوئے احکامات جاری کیااور کونسل کے چیرمین کو اس سلسلہ میں اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔ محمد علی شبیر نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کاماریڈی گرام پنچایت رکن کی حیثیت سے شروع کیا تھا اور ان کے آبائی وطن ماچہ ریڈی میں منڈل پرجا پریشد صدر کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے ناکامی کا سامنا کیا تھا
اور 1989 ء میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی اور چنا ریڈی اور وجئے بھاسکر ریڈی کی وزارت میں وزیر کی حیثیت سے کام کیا تھا اور 1994 ء کے انتخابات میں ناکامی کے بعد کانگریس پارٹی میں سرگرم رہتے ہوئے 1999 ء کے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا لیکن اس میں بھی ناکامی کے بعد اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے کل ہند کانگریس قائدین سے تعلق پیدا کرتے ہوئے اپنی ایک شناخت قائم کی تھی اور مرکزی سابق وزیر غلام نبی آزاد سے ان کے قریبی تعلقات ہونے کی وجہ سے انہیں ہمیشہ کانگریس ہائی کمان ٹکٹ دیتی رہی۔2004ء کے انتخابات میں کاماریڈی حلقہ سے زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاست بھر میں ایک ریکارڈ قائم کیا تھا اور وائی ایس راج شیکھرریڈی کی کابینہ میں وزیر برقی و دیگر اہم قلمندانوں کی دیکھ بھال کی۔ 2009ء کے انتخابات میں ناکامی کے بعد 2013ء میں گورنر کوٹہ میں ایم ایل سی نامزدکئے گئے تھے
اور قانون ساز کونسل کے ڈپٹی لیڈر کی حیثیت سے بھی نامزد کئے گئے تھے۔ مسٹر شبیر علی نے تلنگانہ حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے میں سرگرم رول ادا کرتے ہوئے ہر روز اخبارات و ٹی وی کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ مسٹر محمد علی شبیر کو قانون ساز کونسل کے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے نامزد کئے جانے پر ضلع کانگریس قائدین کے علاوہ بالخصوص کاماریڈی حلقہ کے عوام میں مسرت پائی جارہی ہے اور محمد علی شبیر کی نامزدگی پر ان کے حامیوں نے زبردست جشن مناتے ہوئے حیدرآباد پہنچ کر انہیں مبارکباد پیش کی۔ کانگریس پارٹی کے نائب صدر اشفاق احمد خان (پاپا)، محمد فیاض الدین سابق صدر ضلع وقف کمیٹی، کانگریس قائدین قدرت اللہ خان قمر، محمد امر، اُردو فرنٹ کے صدر شفیق کے علاوہ کاماریڈی ضلع پریشد کے رکن موہن ریڈی، سی ڈی سی چیرمین اشوک ریڈی، نائب صدر ٹائون کانگریس محمد مظہر الدین افسرو دیگر نے محمد علی شبیر کو مبارکباد پیش کی۔
ڈاٹا انٹری آپریٹر سی ڈی ای آفس عادل آباد رشوت لیتے ہوئے گرفتار
حیدرآباد ۔ یکم اپریل، ( پریس نوٹ ) ڈاٹا انٹری آپریٹر سی ڈی پی آفس عادل آباد چندرا مولی کو زیر التواء ٹرانسپورٹ بلوں کی یکسوئی کیلئے درخواست گذار سے 4500 روپئے رشوت قبول کرنے کے دوران اے سی بی عہدیداروں نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور رشوت کی رقم جیب سے برآمد کرلی گئی۔ مذکورہ عہدیدار کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔