کریم نگر میں مقامی ادارہ جات کے تحت دو نشستیں، ٹکٹ کیلئے قائدین کی دوڑ دھوپ
کریم نگر /29 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مقامی ادارہ جات کے کوٹہ قانون ساز کونسل انتخابات کے لئے ریاستی الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس کی وجہ سے ضلع میں انتخابی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ ضلع میں سابق میں مقامی ادارہ جات زمرہ میں ایک نشست تھی۔ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد ایک اور نشست کا اضافہ ہوچکا ہے، اس طرح اب دو نشستوں کے لئے 2 دسمبر کو مقامی ایم ایل سی چناؤ کا اعلامیہ جاری ہوگا۔ الیکشن کمشنر نے کہا کہ 9 دسمبر تک نامزدگی، 27 دسمبر کو رائے دہی اور 30 دسمبر کو رائے شماری ہوگی۔ ضلع میں ان دو نشستوں کے لئے زیڈ پی ٹی سیز، ایم پی ٹی سیز اور کارپوریٹرس کو رائے دہی کا حق ہوگا۔ سابق میں کانگریس امیدوار بھانو پرساد راؤ منتخب ہوئے تھے، اسمبلی انتخابات میں انھوں نے پدا پلی سے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور ناکام ہوئے تھے، لیکن بعد ازاں وہ ٹی آر ایس میں شامل ہو گئے۔ ان کی میعاد مئی میں ختم ہو گئی، تب سے ان کی نشست خالی ہے، لہذا اب دونوں نشستوں کے لئے 27 دسمبر کو انتخابات ہوں گے۔ 80 فیصد رائے دہندے ٹی آر ایس کے ہیں، لہذا دونوں نشستوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے، اس طرح دیگر سیاسی پارٹیوں کی جانب سے امیدوار کھڑا کیا گیا تو مقابلہ برائے نام ہوگا، اس لئے برسر اقتدار جماعت کا امیدوار بننے کی کوششیں جاری ہیں۔ جب کہ کہا یہ جا رہا ہے کہ کے سی آر نے امیدواروں کا انتخاب کرلیا ہے، صرف ناموں کا اعلان باقی ہے۔ سابق ایم ایل سی نارا داس لکشمن راؤ، ایرا شنکر ریڈی، ویر وینکٹیشور راؤ، جگتیال کے انچارج ڈاکٹر سنجے کمار، سابق وزیر راجیشم گوڑ اور وی راجندر کے نام یہاں گشت کر رہے ہیں۔ کارپوریٹرس 50 راما گنڈم، 50 کریم نگر، جب کہ جگتیال، سرسلہ، کورٹلہ کے ارکان 100، حضور آباد، جمی کنٹہ، حسن آباد، پدا پلی اور ویملواڑہ زیڈ پی ٹی سیز کی تعداد 57، ایم پی ٹی سیز کی تعداد 817 ہے۔ واضح رہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ عمل میں آچکا ہے۔