پٹنہ ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج طاقتور قانون انسداد تبدیلی مذہب کو وضع کرنے کا مطالبہ کیا اور بہار کی جیتن رام مانجھی حکومت کو دلت برادری کی ترقی کے اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوجانے کا موردالزام ٹھہرایا، جس کی وجہ سے انہوں نے الزام عائد کیا کہ حالیہ عرصہ میں کئی خاندانوں کو اضلاع میں دیگر مذاہب کو قبول کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر اور سینئر بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے ایک بیان میں کہا کہ مانجھی حکومت کی ناکامی کے سبب ہیکہ بے گھر دلتوں کو مکانات کیلئے کوئی اراضی فراہم نہیں کی جاسکی، اس کے ساتھ ساتھ انہیں غذا اور سماجی سلامتی نیز دیگر بہبودی اقدامات سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی حالات کے سبب حالیہ عرصہ میں اضلاع بھاگلپور، مونگیر، مدھے پورہ اور گیا میں کئی خاندان دیگر مذاہب اختیار کرچکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دلت خاندانوں کی لالچ کے سبب دیگر مذاہب کو مسلسل تبدیلی کے نتیجہ میں سماج میں کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے۔