نیوز ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں کا خصوصی خطاب ہوگا
حیدرآباد۔/25اپریل، ( سیاست نیوز) روز نامہ’ سیاست ‘نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات دینے سے متعلق کے سی آر حکومت کے وعدے پر عمل آوری کیلئے جو تحریک شروع کی ہے اس میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کیلئے ریاست کے اہم ضلع ورنگل میں کل یعنی 26 اپریل کو مسلم تحفظات کے ضمن میں ایک عظیم الشان جلسہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں بطور خاص ورنگل کا دورہ کرتے ہوئے جلسہ سے خطاب کریں گے۔ روز نامہ سیاست نے مسلم تحفظات کی تحریک جب سے شروع کی مسلمانان ورنگل کا مکمل تعاون حاصل رہا ہے۔ واضح رہے کہ ورنگل میں مسلمانوں کی کثیر آبادی ہے اور وہ سیاسی اعتبار سے فیصلہ کن موقف رکھتے ہیں۔ ضلع ورنگل تحریک کا گڑھ مانا جاتا ہے یہاں سے کئی تحریکیں شروع ہوئی ہیں یہاں پر کل ملاکر 12 حلقے اسمبلی اور 2 پارلیمانی حلقے شامل ہیں جہاں پر مسلمانوں کا وول کسی بھی سیاسی پارٹی کی جیت یا شکست کیلئے فیصلہ کن مانا جاتا ہے۔ اس سے ماقبل 12فیصد تحفظات کے سلسلہ میں ورنگل کے منڈی بازار علاقہ میں بھی جناب عامر علی خاں نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے بائیک ریالی میں بھی حصہ لیا اور وہاں نوجوانوں میں اس تحریک کے تئیں شعور بیدار کیا ہے اور اس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا۔12 فیصد تحفظات کی تحریک کو مزید مستحکم بنانے کیلئے قاضی پیٹ میں درگاہ حضرت افضل بیابانی ؒ کے سماع خانہ میں ایک عظیم الشان جلسہ بعد نماز عشاء بروز جمعرات منعقد کیا جارہا ہے جس کی صدارت سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ جناب غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ بیابانی اور کانگریس پارٹی کے ڈیویژن 36 کے انچارج شاہنواز بیگ کے علاوہ گرین اسٹار مسلم تنظیم کے ارکان جلسہ کے تمام انتظامی امور انجام دیں گے۔ ضلع کے ذمہ دار اور سیاسی قائدین سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی جاتی ہے۔