حیدرآباد۔/4اکٹوبر،( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مقامی رکن اسمبلی ڈی ونئے بھاسکر کی نمائندگی پر قاضی پیٹ کے فاطمہ نگر کے قدیم برج کے ترقیاتی کاموں کیلئے 78کروڑ روپئے کی منظوری دیدی گئی۔ اس بات کا انکشاف آج ڈی ونئے بھاسکر نے ایک پریس کانفرنس میں کیا اور کہا کہ عرصہ دراز سے اس برج کے مرمتی اور ترقیاتی کاموں کیلئے کئی مرتبہ نمائندگی کی گئی۔ تاہم اس پر کوئی عمل آوری نہیں کی گئی۔ لیکن چیف منسٹر نے کافی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ایک خصوصی بجٹ جی او نمبر 660 جاری کرتے ہوئے 78 کروڑ روپئے مقامی کلکٹر امرا پالی ( آئی اے ایس ) کو روانہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برج کے مرمتی کام جلد سے جلد شروع کردیئے جائیں گے اور سڑک کی توسیع کا کام بھی جاری ہے۔
شمس آباد ایر پورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ، مسافر کی موت
شمس آباد۔/4اکٹوبر، ( سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد میں آج صبح ایک فلائیٹ کی ایمرجنسی لینڈنگ ہوئی۔ تفصلات کے بموجب فلائیٹ نمبر wy.811 مسقط سے بینکاک جارہی تھی کہ فلائیٹ کے ایک63سالہ مسافر ساکن عمان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ پائیلٹ کو اطلاع ملتے ہی اس نے فلائیٹ کا رُخ تبدیل کرتے ہوئے شمس آباد ایرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی اور مسافر کو ایرپورٹ اپولو دواخانہ منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹروں نے بعد معائنہ اسے مردہ قرار دیا۔