نئی دہلی۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی 15 رکنی مینس ریسلنگ ٹیم 23 تا 26 جولائی آستانہ میں جمہوریہ قازقستان کے صدارتی کپ مقابلوں میں حصہ لے گی۔ یہ ٹورنمنٹ اس ٹیم کیلئے 7 تا 12 ستمبر امریکہ کے لاس ویگاس میں منعقد شدنی عالمی چمپین شپ مقابلوں کی تیاری کا ایک موقع ثابت ہوگا۔ مجوزہ ٹورنمنٹ میں میزبان قازقستان کے علاوہ 20 ممالک حصہ لیں گے جن میں ہندوستان، روس، جاپان، کوریا، امریکہ، منگولیہ، آذربائجان، بیلاروس، کرغزستان، ازبیکستان، ترکی، برازیل، چین، یونان، جارجیا، اٹلی، سویڈن، کینیڈا اور مالدیپ شامل ہیں۔ 15 رکنی ہندوستانی ٹیم فری اسٹائل زمرہ کے 7 اور گریکو رومن اسٹائل زمرہ کے 8 پہلوان شامل ہیں۔