قادر خان اپنے بیٹوں اور بہو کیساتھ حج کیلئے روانہ

ممبئی ؍ جدہ ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے مشہور ایکٹر اور رائٹر قادر خان پچھلے دنوں جہاں سے مکتہ المکرمہ روانہ ہوئے تاکہ وہ حج کے فرائض انجام دے سکیں۔ 78 سالہ قادر خان اپنے دو بیٹوں سرفراز اور شاہنواز کے ساتھ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ شاہنواز بھی اپنے والد کی طرح اداکار ہے اور تیرے نام اور ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ شاہنواز کے ساتھ ان کی اہلیہ بھی ہیں۔ دریں اثناء ہندوستانی حج کے ایک عہدیدار عمر خان نے میڈیا کو بتایا کہ قادرخان مکتہ المکرمہ پہنچ کر بیحد خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ان کا قیام عزیزیہ (مکتہ المکرمہ) میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت قادر خان نے آبِ زمزم پیا اس وقت انہوں نے مجھے ڈھیر ساری دعائیں دیں۔ ان کی صحت کچھ ٹھیک نہیں ہے اور وہ وہیل چیئر کے ہو کر رہ گئے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی وہ مناسک حج ادا کرنے میں پیش پیش ہیں۔ حج کے ایام کے علاوہ مجموعی طور پر قادر خان یہاں صرف 20 روز قیام کریں گے۔

قادر خان جو کسی زمانے میں ہر بڑی فلم کا حصہ سمجھے جاتے تھے، اب انہوں نے اپنی زندگی تبلیغ اسلام کیلئے وقف کردی ہے۔ 3 اکٹوبر کو اقطاع عالم کے تقریباً 3 ملین عازمین وقوف عرفات کریں گے جو حج کا سب سے اہم رکن سمجھا جاتا ہے۔ قادر خان خانگی حج آپریٹر کے ذریعہ مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔ حالیہ انٹرویو میں نسلی پشتون سے وابستہ قادر خان نے فلموں میں کام کرنے کیلئے اپنا زیادہ وقت گذار دینے پر اظہارافسوس کیا تھا۔ انہوں نے حال ہی میں اسلامی اصولوں اور تعلیمات کی تبلیغ کیلئے اپنا سارا وقت وقف کرتے ہوئے زندگی میں تبدیلی لائی تھی۔ انہوں نے کئی فلموں میں کام کیا ہے۔ ممبئی میں اسمعیل یوسف کالج سے گریجویٹ بننے والے قادر خان نے فلموں میں آنے سے قبل 1970 کی دہائی میں ممبئی کے سابو صدیق انجینئرنگ کالج میں تدریس کی خدمات انجام دی۔