قاتلانہ حملہ میں اروناچل پردیش کے رکن اسمبلی کے فرزند ہلاک

نئی دہلی /31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اروناچل پردیش کے رکن اسمبلی کے فرزند کو ایک معمولی لڑائی کے بعد مبینہ طورپر زدوکوب کرکے ہلاک کردیا گیا۔ اس نوجوان کے ہیئر اسٹائل پر ریمارک سے تنازعہ پیدا ہوا تھا۔ شمال مشرقی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد پر حملہ کا یہ ایک اور واقعہ ہے۔ پولیس نے نیڈو نانیا کی موت کے سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج رجسٹر کرلیا۔ وہ کانگریس رکن اسمبلی اور پارلیمانی سکریٹری محکمہ صحت نیڈو پونیرا کے فرزند تھے۔ اس واقعہ کے بعد شمال مشرقی خطہ سے تعلق رکھنے والے عوام کے خلاف امتیاز برتنے کے الزامات کو تقویت مل گئی ہے۔ اس نوجوان کو زدوکوب کرنے والے دو دوکانداروں کو آج شام گرفتار کرلیا گیا۔

مظفر نگرفسادات :عصمت ریزی واقعات کی تفتیش میں پیشرفت نہیں
مظفر نگر 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پولیس کو پھوگنا دیہات میں عوام کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ وہ اجتماعی عصمت ریزی کے 21 مفرور ملزمین کے خلاف نوٹسیں چسپاں کرنے یہاں پہونچے تھے۔ پولیس کے بموجب یہ تمام افراد اجتماعی عصمت ریزی کے 5 واقعات میں ملوث تھے جو مظفر نگر فسادات کے دوران پیش آئے تھے۔ پولیس کو دیہات سے واپس ہونا پڑا کیونکہ کھاپ پنچایت نے اُنھیں ملزمین کی گرفتاری کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاحال پولیس 22 ملزمین میں سے صرف ایک کو گرفتار کرسکی ہے۔