عادل آباد میں کانگریس ضلع مینارٹیز چیرمین ساجد خان و دیگر قائدین کا احتجاج
عادل آباد۔/25 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ ضلع عادل آباد کانگریس پارٹی میناریٹیز چیرمین مسٹر ساجد خان نے مستقر عادل آباد میں 12 فیصد مسلم تحفظات کے عدم حصول پر چیف منسٹر مسٹرکے چندر شیکھر راؤ کے 12 تصاویر والے فلیکسی کو ٹھیک 12 بجے نذر آتش کیا۔ جبکہ اس موقع پر پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائدین میں مسرس نور خاں، محمد شکیل، جابر احمد، محمد کلیم، محمد صادق سابق بلدیہ کونسلر کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔12 فیصد مسلم تحفظات کو ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے غیر یقینی قرار دیتے ہوئے مسٹر ساجد خان نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کے فریب کے بنا پر ریاست کے ہزاروں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کا مستقبل تاریکی میں غرق ہوکر رہ گیا ہے۔ ملازمتوں کی امیدیں وابستہ رکھنے والے نوجوانوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کو اندرون چار ماہ ریاست تاملناڈو کی طرز پر فراہم کرنے کا تیقن دینے کے بنا پر گزشتہ انتخابات میں نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر ٹی آر ایس کی تائید کی تھی جس کے پیش نظر ٹی آر ایس کو ریاست کا اقتدار حاصل ہوا ۔ چار سال سے زائد عرصہ تک تلنگانہ میں ٹی آر ایس برسر اقتدار رہنے کے بعد بھی مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔ ایندھن کی تیز رفتار بڑھتی ہوئی قیمت، نوٹ بندی کے علاوہ طلاق کے مسئلہ پر بھی ٹی آر ایس حکومت نے مرکزی حکومت کا بھرپور تعاون کیا۔ مسلمانوں سے ہمدردی کرنے کا ڈرامہ کرنے والے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ مسلمانوں کی شریعت میں بھی مداخلت کرنے کو ترجیح دی۔ ایسی صورت میں مسٹر ساجد خان نے مسلمانوں سے خواہش کی ہے کہ وہ حالیہ منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کو ناکام بناتے ہوئے کانگریس امیدوار کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔