فیڈرر5 اورنڈال 4 سٹوں کے بعد تیسرے راؤنڈ میں داخل

 

نیویارک۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے تیسرے نمبر کے کھلاڑی راجر فیڈرر کے لئے یو ایس اوپن کی راہ آسان ہوتی نہیں دکھائی دے رہی ہے اور انہیں دوسرے میچ میں پانچ سیٹ تک جدوجہد کرنی پڑی ۔ اسپین کے رافل نڈال کو بھی کامیابی کے ساتھ تیسرے مرحلہ میں جگہ بنانے کے لئے 4 سٹوں کی جدوجہد کرنی پڑی ہے ۔فیڈررنے میراتھن میچ کے پانچ سٹوں میں روس کے میخائل یوزنی کو 6۔1، 6۔7، 4۔6، 6۔4، 6۔2 سے شکست دی ۔ اپنے پہلے راؤنڈ کے میچ میں بھی سوئس کھلاڑی کو 19 سالہ فرانسس ٹیافوئے کے خلاف کامیابی کے لئے 5 سٹوں کے مقابلے میں سخت جدوجہد کرنا پڑی تھی ۔اگرچہ روسی کھلاڑی یوزنی نے پانچویں سیٹ میں ڈبل فالٹ کر کے فیڈرر کو4-2 کی برتری بنانے کا موقع دے دیا اور اس کامیابی کے ساتھ سوئس کھلاڑی نے یوزنی کے خلاف بھی اپنا کریئر ریکارڈ 17-0 کر دیا۔36 سالہ فیڈرر کے کیریئر میں یہ پہلی مرتبہ ہے جب انہوں نے گرانڈ سلام کے ابتدائی دو میچوں میں پانچ سیٹس تک کھیلنا پڑا ہے ۔ کامیابی کے بعد انہوں نے کہاکہ پانچ سٹس میرے لئے بہت دلچسپ رہے۔ میں ابھی اچھا محسوس کررہا ہوں۔19 ویں گرانڈ سلام چمپئن فیڈرر نے میچ میں 68 ازخود غلطیاں کی۔ فیڈرر کا تیسرے راؤنڈ میں فلیسیانو لوپیز کا چیلنج ہوگا جنہوں نے ہم وطن اسپین کے فرنانڈو ورڈاسکو کو چار سٹوں میں 6۔3 ،6۔2 ،3۔6 ،6۔1 سے شکست دی۔فیڈرر نے گزشتہ 12 مقابلوں میں لوپیز کو شکست دی ہے ۔دوسرے راؤنڈ کے ایک اور مقابلے میں سرفہرست نڈال کو بھی اپنا پہلا سٹ گنوانا پڑاتاہم انہوں نے جاپان کے تارو ڈینیل کو 4۔6 ،6۔3 ،6۔2 ،6۔2 سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی جہاں ان کے سامنے ابھی ارجنٹینا لیونارڈو میئر کا چیلنج ہوگا۔نمبر ایک کھلاڑی نڈال کو اگرچہ 121 ویں سیڈ درجہ بندی کے ڈینیل کے خلاف سخت محنت کرنا پڑی جس نے ایک دن پہلے پانچ سٹوں میں میراتھن میچ کھیلا تھا۔جاپانی کھلاڑی نے پہلے سٹ میں 6۔4 سے کامیابی درج کی لیکن نڈال نے دوسرے سٹ میں اپنی غلطیاں دوبارہ نہیں کیں۔

سری لنکا ورلڈ کپ میں راست رسائی سے محروم
دبئی ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندستان سے مسلسل چار ونڈے مقابلوں میں شکست سے سری لنکا کی ٹیم کی عالمی درجہ بندی میں کمی واقع ہو گئی ہے اور نشانات میں کمی کی وجہ سے سری لنکا کی ٹیم ورلڈ کپ2019 میں راست رسائی سے محروم ہو گئی ہے ۔ہندستانی کرکٹ ٹیم کے دورے سے قبل سری لنکا کی ٹیم کا ساتواں مقام تھا اور اُس کے90 نشانات تھے۔ ہندستان سے مسلسل چار میچوں میں شکست کے بعد اب وہ آٹھویں مقام پر پہنچ گئی ہے ۔ اُس کی جگہ ساتویں مقام پر بنگلہ دیش کی ٹیم فائز ہو گئی ہے ۔علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف 6 مقابلوں میں کامیبابی کے ساتھ ورلڈ کپ میں راست رسائی حاصل کرسکتی ہے۔