جینوا۔30ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے خوابوں کا محل بنالیا۔ وہ 65 لاکھ پائونڈ مالیت سے تعمیر کردہ تین منزلہ شیش محل میں منتقل ہوگئے ہیں۔ یہ جنیوا جھیل کے کنارے وسیع رقبہ پر بنایا گیا ہے، جس کی باہری دیواریں شفاف شیشے سے بنائی گئی ہیں۔ ریزیڈینس نامی اس گھر کے ساتھ ہی فیڈرر نے اپنے والدین کیلئے بھی تین منزلہ گھر بنوایا ہے۔ 17مرتبہ گرانڈ سلام خطابات جیتنے والے ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر نے کہا ہے کہ اچھا اور خوبصورت گھر ہرکسی کا خواب ہوتا ہے جہاں وہ اپنے بچوں اور خاندان کے ساتھ خوشگوار اورپرسکون زندگی گزار سکیں اس لئے ہم نے جھیل کے کنارے اپنا پیارا سا گھر بنایا ہے جس کی وجہ سے وہ اور ان کا خاندان نئے گھر میں منتقل ہونے پر خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ برسبین ٹینس سے سیزن کاکامیاب آغاز کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ گزشتہ سیزن ان کے لئے بہت اہم رہا۔ توقع ہے کہ آئندہ سال بھی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش کروںگا۔فیڈرر نے ایک سوال کے جواب پر کہا کہ کھیل کو ایک تفریح کے طور پر لینا چاہیے لیکن عام طور پر دیکھا یہ جاتا ہے کہ کچھ کامیاب ایتھلیٹ والدین اپنے بچوں کو بھی زبردستی اس شعبے میں لانا چاہتے ہیں جبکہ ان کے بچے کھیل کے میدان سے دور بھاگنا چاہتے ہیں۔میری ان والدین سے درخواست ہیکہ وہ ایسا ہرگز نہ کریں۔ان پر اپنی مرضی یا دباؤ نہ ڈالیں۔ فیڈرر بھی اپنے بچوں پر اپنی مرضی مسلط نہیںکرناچاہتے۔فیڈررنے کہا ہے میں اپنے بچوں پردباؤ نہیں ڈالوں گا کہ وہ بھی ٹینس کے کھیل سے ہی منسلک ہوجائیں لیکن اگر ان کی مرضی ٹینس پلیئربننے کی ہوگی تو میں ان کو منع بھی نہیں کرونگا۔