فیڈرر18ویں سیزن میں 18ویں گرانڈ سلام کیلئے پُرعزم

برسبین۔3جنوری( سیاست ڈاٹ کام) راجر فیڈرر 2015ء کے سیزن کا یہاں برسبین انٹرنیشنل سے آغاز کررہے ہیں اور پہلے مقابلے میں انہیں بائی ملنے کے بعد دوسرے مقابلے میں بھی ٹورنمنٹ میں راست داخلہ حاصل کرنے والے کھلاڑی کا سامنا ہوگا ۔ 2015ء کا سیزن فیڈرر کے کریئر کا 18واں سیزن ہے اور 17گرانڈ سلام خطابات حاصل کرچکے فیڈرر اس سیزن میں اپنا 18واں گرانڈ سلام خطاب حاصل کرنے کیلئے پُرعزم ہے ۔ فیڈرر کو گذشتہ برس برسبین اوپن کے فائنل میں آسٹریلیا کے سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار للیٹن ہیوٹ کے خلاف شکست ہوئی تھی وہ اپنا پہلا مقابلہ سیم گروتھ کے خلاف کھیلیں گے ۔ فیڈرر اور ہیوٹ ڈرا میں دو مختلف گروپس میں شامل ہوئے ہیں اور اس طرح فائنلس سے قبل ان دونوں کا سامنا ممکن نہیں ۔ فیڈررنے آخری مرتبہ 2012ء میںومبلڈن خطاب حاصل کیا تھا جس کے بعد 2013ء ان کے لئے انتہائی مایوس کن رہا جب کہ 2014ء میں فیڈرر نے شاندار مظاہرے کرتے ہوئے نہ صرف تمام کھلاڑیوں سے زیادہ 73مقابلوں میں فتوحات حاصل کی ہیںجس کی بدولت وہ درجہ بندی میں نواک جوکووچ کے بعد دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ گذشتہ دو سیزن میں گرانڈ سلام سے محروم رہنے کے بعد فیڈرر رواں برس کے آغاز پر کھیلے جانے والے آسٹریلین اوپن میں پانچویں مرتبہ خطاب حاصل کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔