ملبورن۔26ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق عالمی نمبرایک ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے اپنے سماجی رابطے کے ویب سائیٹ ٹیوٹر پر یہ خبر خوشی کے ساتھ پوسٹ کی ہے کہ 2014ء میں ان کے گھر ایک نئے مہمان کی آمد متوقع ہے ۔ فیڈرر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ مرکا یہ خبر سناتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں کہ آئندہ برس ان کے گھر ایک اور اولاد کی آمد متوقع ہے ۔ 2009ء میں مرکا کو دو جڑواں لڑکیاں چارلین اور میلا تولد ہوئی تھی۔ فیڈرر نے اپنے بیان میں مزید لکھا ہے کہ ہم میاں بیوی خوشی کے ساتھ یہ پیغام سناتے ہیں کہ 2014ء میں میری جڑواں بیٹیاں بڑی بہنیں بن جائیں گی ۔ فیڈرر کے منیجر ٹونی گارڈسک نے میڈیا نمائندوں سے فیڈرر کے اس بیان کی توثیق بھی کردی ہے ۔ واضح رہے کہ 32سالہ فیڈرر عالمی ریکارڈ 17گرانڈ سلام خطابات حاصل کرنے کے علاوہ ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں سب سے زیادہ ہفتوں تک نمبر ایک مقام تک فائز رہنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام رکھتے ہیں ۔