فیڈرر کے مقابلہ کی ٹکٹیں 20 منٹ میں فروخت

نئی دہلی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار راجر فیڈرر جو آئندہ ماہ دہلی میں انٹرنیشنل پریمیئر ٹینس لیگ (آئی پی ٹی ایل) مقابلوں میں شرکت کررہے ہیں اور اِن کی ہندوستانی شائقین میں مقبولیت کا اندازہ اِس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ فیڈرر کے مقابلوں کے مشاہدہ کے لئے موجود ٹکٹیں فروخت کے آغاز کے صرف 20 منٹوں میں ختم ہوگئیں۔ فیڈرر جوکہ آئی پی ٹی ایل میں انڈین ایسیس ٹیم کے کھلاڑی ہیں جو 6 تا 8 ڈسمبر دہلی میں منعقد شدنی مقابلوں میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ راجر فیڈرر کے ہمراہ اِس ٹیم میں سابق عالمی نمبر ایک امریکی ٹینس اسٹار پٹ سمپراس کے علاوہ ہندوستان کی نمبر ایک خاتون کھلاڑی ثانیہ مرزا بھی موجود ہیں۔ انڈین ایسیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ آج صبح جب 9 بجے بُک مائی شو ویب سائیٹ پر ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا آغاز ہوا تو فیڈرر کے مقابلوں کے مشاہدہ کے لئے عوامی دلچسپی عروج پر رہی اور صرف 20 منٹوں میں تمام ٹکٹیں فروخت ہوگئیں۔