فیڈرر کی کامیابی ، ڈیل پوٹرو اگلے حریف

میامی ۔ /26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین اوپن چمپئین راجر فیڈرر کے شاندار فام کا سلسلہ یہاں سیزن کی دوسری ماسٹرس چمپئین شپ میں بھی جاری ہے جیسا کہ انہوں نے میامی اوپن کے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں امریکی نوجوان کھلاڑی فرانسس ٹائیفو کے خلاف 7-6 (7/2), 6-3 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹور نمنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کے اگلے حریف ارجنٹینا کے دراز قد ٹینس کھلاڑی یان مارٹن ڈیل پوٹرو سے ہوگا ۔ فیڈرر نے عالمی درجہ بندی میں 101 ویں مقام پر فائز ٹائیفو کے خلاف پھر ایک مرتبہ بہتر مظاہرہ کیا ۔ حالانکہ پہلے سیٹ کا نتیجہ ٹائی بریک کے ذریعہ حاصل کیا گیا  ۔ ٹائیفو نے پہلے سیٹ میں اپنی سرویس برقرار رکھتے ہوئے فیڈرر کو جدوجہد پر مجبور کیا لیکن ٹائی بریک میں فیڈرر نے کامیابی حاصل کرنے کے بعد دوسرے سیٹ میں حریف کھلاڑی کی سرویس توڑی ۔ 19 سالہ ٹائیفو نے دوسرے سیٹ کی پہلی ہی گیند میں فیڈرر کی سرویس توڑی تھی اور 18 گرانڈ سلام خطابات حاصل کرنے والے فیڈرر کی یہ رواں سیزن دوسری مرتبہ ماسٹر سیریز میں سرویس توڑی گئی ہیں ۔ 35 سالہ فیڈرر یہاں 2005 ء اور 2006 ء میں خطابات حاصل کرچکے ہیں اور اب وہ یہاں تیسرے خطاب کیلئے کوشاں ہیں لیکن اس کے لئے اگلے مرحلے میں ان کا سخت امتحان متوقع ہے ۔ جیسا کہ ڈیل پوٹرو نے اپنے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں رابن ہاس کو بآسانی 6-2, 6-4 کی شکست دی ۔ آخری مرتبہ ڈیل پوٹرو کا فیڈرر سے مقابلہ 2013 ء میں اے ٹی پی فائینلس میں ہوا تھا ۔ فیڈرر اور ڈیل پوٹرو کے درمیان 20 مقابلے ہوئے ہیں جس میں فیڈرر نے 15-5 کی فتوحات حاصل کی ہیں لیکن ان کے درمیان گزشتہ 7 مقابلوں کا نتیجہ فیصلہ کن سیٹ میں ہوا ۔ ہارڈ کورٹ میں گزشتہ 6 مقابلوں کے دوران فیڈرر نے 5 فتوحات حاصل کی ہیں لیکن رواں سیزن ڈیل پوٹرو کی فتوحات کا ریکارڈ 6-3 ہے جس میں نواک جوکووچ کے خلاف دو فتوحات اور نیلوس رانیک کے خلاف بھی حاصل ہونے والی کامیابی شامل ہے ۔