فیڈرر کی ڈیوس کپ میں شرکت غیریقینی: جوکووچ

لندن ۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) راجر فیڈرر اگر وقت پر مکمل صحتیاب نہیں ہوں گے تو ڈیوس کپ کے فائنل میں وہ اپنی ٹیم سوئٹزرلینڈ کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار عالمی نمبر ایک سربیائی ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے کیا ہے۔ گذشتہ روز لندن میں اے ٹی پی ورلڈ ٹور کا فائنل جوکووچ اور فیڈرر کے درمیان منعقد شدنی تھا جس کا کروڑہا ٹینس شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا لیکن مقابلہ کے آغاز سے عین قبل فیڈرر نے پیٹھ کی تکلیف کے باعث فائنل سے دستبرداری اختیار کی۔ 33 سالہ فیڈرر کو رواں سیزن پیٹھ کی تکلیف نے پریشان کیا ہے جیسا کہ سیمی فائنل میں اپنے ہم وطن کھلاڑی اسٹانسلس واورنکا کے خلاف 3 سیٹوں پر مشتمل سخت ترین مقابلہ میں فیڈرر نے کامیابی تو حاصل کی تاہم تکلیف کی وجہ سے وہ پریشان دکھائی دیئے۔ جوکووچ نے کہا کہ وہ فیڈرر سے اس وقت بات کی جب انہوں نے فائنل سے دستبرداری اختیار کی تھی اور فیڈرر کی گفتگو سے لگتا ہیکہ ڈیوس کپ فائنل میں ان کی شرکت پر ہنوز سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ فیڈرر کی دستبرداری کی وجہ سے جوکووچ کو متواتر تیسری مرتبہ اے ٹی پی ورلڈ ٹور چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور 1980 میں آئیون لنڈل کے بعد جوکووچ خطابات کی ہائی ٹرک کرنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔