فیڈرر کی پیش قدمی، سرینا جدوجہد کے بعد کامیاب

لندن 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سیزن کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن میں گزشتہ روز بھی بارش کی وجہ سے کئی اہم کھلاڑیوں کے مقابلے متاثر رہے لیکن اِس دوران 7 مرتبہ کے چمپئن راجر فیڈرر نے سنٹر کوٹ میں بند چھت کے نیچے تیسرے مرحلہ کے مقابلہ میں برطانوی کھلاڑی ڈینیل ایونس کو بہ آسانی 6-4 ، 6-2، 6-2 سے شکست دیتے ہوئے چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بنے۔ فیڈرر جنھیں گزشتہ دو فائنلس میں جوکووچ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی تاہم انھوں نے رواں گرانڈ سلام کے متواتر دو مقابلوں میں پہلے مارکس ویلیز اور اب ایونس کو شکست دیتے ہوئے دو مقامی کھلاڑیوں کو ٹورنمنٹ سے باہر کیا ہے۔ فیڈرر کی یہ گرانڈ سلام میں 305 ویں کامیابی رہی اور مارٹینا نوراتیلووا کے 306 فتوحات کے ریکارڈ کے قریب پہونچ چکے ہیں۔ دریں اثناء خاتون زمرہ میں عالمی نمبر ایک دفاعی چمپئن سیرینا ولیمس کو کامیابی کے لئے ہم وطن کرسٹینا مائیک ہالے کے خلاف سخت جدوجہد کرنی پڑی۔ تاہم وہ 6-7(7-9) ، 6-2 ، 6-4 سے کامیاب رہی۔ پانچ مرتبہ کی چمپئن وینس ولیمس نے بھی سخت جدوجہد کے بعد روسی نوجوان کھلاڑی داریا کاساٹ کینا کو 7-5 ، 4-6 ، 10-8 سے شکست دی۔ سابق یو ایس اوپن چمپئن ارجنٹینا کے دراز قد کھلاڑی یان مارٹن ڈیل پوٹرو نے 3 برس بعد ومبلڈن میں شاندار واپسی کرتے ہوئے چوتھے درجہ کے کھلاڑی اسٹانسلس واؤرنکا کو 3-6 ، 6-3 ، 7-6(7-2) ، 6-3 سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ گزشتہ روز کھیلے گئے ایک مقابلہ میں عالمی نمبر ایک اور دفاعی چمپئن نواک جوکووچ کو بارش کی وجہ سے اُس وقت راحت ملی جب وہ امریکی ٹینس اسٹار سام کیوری کے خلاف کھیلے جارہے مقابلہ میں دو سیٹ ہار چکے تھے۔ 28 ویں درجہ کے امریکی کھلاڑی سام کیوری نے جوکووچ کے خلاف 7-6 (8-6) ، 6-1 کی سبقت بنالی تھی اور اِس موقع پر بارش کی وجہ سے مقابلہ کو معطل کرنے کا اعلان کردیا گیا تھا۔