ومبلڈن ۔ 24 ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) ۔ راجرفیڈرر نے 18 ویں گرانڈ سلام خطاب کی مہم کا شاندار آغازکیا اور ومبلڈن 2014 کے پہلے راونڈ کے مقابلہ میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف اطالوی کھلاڑی پاولو لورینزی کو راست سیٹوں میں 6-1, 6-1, 6-3 سے شکست دیتے ہوئے دوسرے راونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ فیڈرر نے اس مقابلہ میں 9 ایسیس بھی مارے اور شاندار مظاہرہ کیا ۔ گذشتہ برس فیڈرر کو ومبلڈن کے دوسرے ہی راونڈ میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی ‘
لیکن اس مرتبہ انہوں نے شاندار مظاہرہ کے ذریعہ اپنے 18 ویں خطاب کا کامیاب تعاقب کیا ہے ۔ ایک اور مقابلہ میں فرانسیسی ٹینس اسٹار جوویلفریڈ سونگا کو پہلے راونڈ کے مقابلہ میں کامیابی کے لئے کافی جدوجہد کرنی پڑی ‘ تاہم وہ آسٹریائی کھلاڑی جرجن ملزر کو 6-1, 3-6, 3-6, 6-2, 6-4 سے شکست دیتے ہوئے ٹورنمنٹ کی ایک حیران کن شکست سے خود کو محفوظ رکھا۔ دریں اثناء آسٹریلین اوپن چمپئن اسٹانسلس واورینکا نے اپنے پہلے مقابلے میں پرتگال کے جوآو سوسا کو راست سیٹوں میں 6-3, 6-4, 6-3, سے شکست دیتے ہوئے ومبلڈن میں اپنی مہم کا بہتر آغاز کیا ہے