فیڈرر کیلئے یو ایس اوپن خطاب کی راہ آسان

نیویارک ۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک اور سابق چمپیئن نواک جوکووچ اور برطانوی نمبر ایک ٹینس اسٹار اینڈی مرے کا 2014ء سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں متوقع طور پر سامنا ہوسکتا ہے۔ عالمی نمبر ایک جوکووچ 2011ء میں یہاں خطاب حاصل کیا ہے، انہیں ٹورنمنٹ کا سرفہرست کھلاڑی قرار دیا گیا ہے جبکہ دفاعی چمپیئن رافل نڈال کلائی کے زخم کی وجہ سے ٹورنمنٹ سے دستبردار ہوچکے ہیں۔ ٹورنمنٹ میں آٹھواں مقام حاصل کرنے والے مرے جنہوں نے 2012ء میں یہاں خطاب حاصل کیا اور 2013ء ومبلڈن میں انہوں نے اپنے کیریئر کا آخری گرانڈ سلام حاصل کیا ہے،

ان کا چوتھے راونڈ میں خطرناک ثابت ہونے والے فرانسیسی ٹینس اسٹار جو ویلفریڈ سونگا سے مقابلہ متوقع ہے۔ دریں اثناء دوسرے درجہ کے کھلاڑی راجر فیڈرر کیلئے خطاب کی راہ کسی قدر آسان دکھائی دے رہی ہے جیسا کہ انہیں کوارٹر فائنل میں ٹورنمنٹ کے ساتویں درجہ کے کھلاڑی گریجار دیمترو کا سامنا متوقع ہے۔ خاتون زمرہ میں دو مرتبہ کی دفاعی چمپیئن سرینا ولیم کا کوارٹر فائنل میں اینا ایوانووچ اور اس سے قبل چوتھے راونڈ میں آسٹریلیائی کھلاڑی سمنتا اسٹروسر سے سامنا ہوسکتا ہے۔ اسٹروسر نے 2011 یو ایس اپون کے فائنل میں سرینا ولیمس کو حیران کن شکست دی تھی۔ ابتدائی ہفتہ میں سرینا کا سامنا اپنی بڑی بہن وینس اور سیمونا ہالیپ کے علاوہ روسی ٹینس اسٹار ماریا شاراپوا سے ہوسکتا ہے۔