فیڈرر کو 8 سال بعد ڈیل پوٹرو سے بدلہ لینے کا موقع

نیویارک ، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام)یو ایس اوپن فائنل میں یوان مارٹن ڈیل پوٹرو کے مقابل ناکامی کے 8 سال بعد روجر فیڈرر کو پھر ایک بار ارجنٹائن کے قد آور کھلاڑی کے ساتھ نیویارک میں مسابقت کا موقع ہاتھ آیا ہے ، جہاں وہ لگاتار پانچ مرتبہ چمپیئن شپ جیتنے کا سلسلہ موقوف کردیئے جانے کا بدلہ لے سکتے ہیں۔ ڈیل پوٹرو محض 20 سال کے تھے جب اُنھوں نے سوئیس لیجنڈ کو پانچ سٹ کے یادگار مقابلے میں ہراتے ہوئے 2009 ء کا ٹائٹل جیتا تھا ۔ فیڈرر نے وہ مقابلے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اُنھیں ابھی تک وہ میچ یاد ہے جس میں ڈیل پوٹرو نے خاص طورپر پانچویں اور فیصلہ کن سٹ میں زبردست کھیلا تھا ۔ چہارشنبہ کو یہ دونوں کھلاڑی کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے ۔ ڈیل پوٹرو نے گزشتہ روز چوتھے راؤنڈ کے مقابلے میں ڈومنیچ تھیام کو 1-6، 2-6، 6-1 ، 7-6(7/1) ، 6-4 سے ہرایا ۔ اس کے برخلاف فیڈرر نے چوتھے راؤنڈ میں کافی آسانی سے اپنے حریف کو ہرایا ۔ انھوں نے جرمنی کے ویٹرن حریف فلپ کول شریبر کو 6-4، 6-2، 7-5 سے شکست دی۔ دیگر مقابلوں میں ٹاپ سیڈ رفائیل نڈال کی پیش قدمی جاری ہے۔ اسپینی اسٹار نے یوکرین کے حریف کو شکست دیکر کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ بلجیم کے ڈیوڈ گوفن کو چوتھے راؤنڈ میں اپ سٹ شکست ہوگئی۔ نڈال نے پری کوارٹر فائنل میں شاندار ٹینس کھیلی ، عالمی نمبر ایک نے یوکرین کے الیگزینڈر ڈگلوپولف کو سیدھے سٹوں میں زیر کیا اور چار سال بعد یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ۔ روس کے 19 سالہ کھلاڑی آندرے ریبلوف نے بلجیم کے ڈیوڈ گوفن کو شکست دیکر اپ سٹ کر دیا۔ ویمنز سنگلز میں ٹاپ سیڈ کیرولینا پلیسکوا نے امریکہ کی جنیفر بریڈی کو 6-1 ، 6-0 سے ہرایا۔استونیا کی عالمی نمبر 418 کایا کنیپی بھی کوارٹرس میں پہونچ گئیں۔