فیڈرر کو چوتھا مقام ‘نڈال کو بھی ترقی

میامی ۔ 3اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) میامی اوپن چمپئن سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر عالمی ٹینس درجہ بندی میں چوتھے مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ خواتین کی ڈبلیوٹی اے درجہ بندی میں کئی بڑے کھلاڑیوں کو شکست دے کر اس ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ چمپئن بنیں برطانیہ کی جوھانا کونٹا بھی بڑی چھلانگ کے ساتھ سرفہرست10 کھلاڑیوں میں شامل ہو گئی ہیں۔رواں2017 سیزن آسٹریلین اوپن، انڈین ویلزاوراب میامی اوپن ماسٹرس1000 خطابات جیتنے والے فیڈرر نے تازہ جاری اے ٹی پی درجہ بندی میں دو مقامات کی ترقی درج کی ہے اور اب5305 درجہ بندی نشانات کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔18 گرانڈ سلام فاتح فیڈرر کے خلاف مذکورہ تینوں ٹورنمنٹوں میں شکست برداشت کرنے والے اسپین کے رافل نڈال نے بھی دو مقامات کی ترقی حاصل کی ہے اور وہ اب 4735 درجہ بندی نشانات کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔برطانیہ کے اینڈی مرے ، سربیا کے نوواک جوکووچ اور اسٹنسلاس واورنکا کے پہلے، دوسرے اور تیسرے مقام میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔