فیڈرر کو شکست ‘ ڈیل پوٹرو بمقابلہ نڈال سیمی فائنل

نیویارک۔7ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گذشتہ دو ہفتوں سے ٹینس شائقین کو جس سیمی فائنل کا بے صبری سے انتظار تھا ‘ اُس پر 2009ء کے یو ایس اوپن چمپئن یان مارٹن ڈیل پوٹرو نے راجر فیڈرر کو شکست دیتے ہوئے پانی پھیر دیا اور اب فیڈرر کی بجائے ڈیل پوٹرو کا نڈال کے ساتھ سیمی فائنل مقابلہ ہوگا ۔ ڈیل پوٹرو جنہوں نے 2009ء میں فیڈرر کو خطابی مقابلہ میں شکست دی تھی آج کھیلے گئے مرد زمرے کے سنگلس کوارٹر فائنل میں انہوں نے پھر ایک مرتبہ فیڈرر کو 7-5 ‘ 3-6 ‘ 7-6(8) ‘ 6-4 سے شکست دی ۔ ڈیل پوٹرو 2017ء میں فیڈرر کو گرانڈ سلام میں شکست دینے والے پہلے کھلاڑی بنے اور فیڈرر کی 2017ء کے گرانڈ سلام میں یہ پہلی شکست رہی ‘ حالانکہ مقابلہ میں کئی مرتبہ فیڈرر کو ڈیل پوٹرو کے خلاف برتری حاصل کرنے کے مواقع ملے ‘ لیکن وہ اُسے حاصل کرنے میں ناکام رہے ۔ اس کوارٹر فائنل میں فیڈرر گرانڈ سلام کی فتوحات کے 18-0 ریکارڈ کے ساتھ شرکت کی تھی لیکن گذشتہ دو ہفتوں سے پیٹھ کی تکلیف میں مبتلا فیڈرر کو بالآخر فٹنس نے ساتھ نہیں دیا ۔ دوسری جانب 15مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن رافل نڈال نے 19سالہ روسی کھلاڑی اینڈری روبیلے کوبہ آسانی 6-1‘ 6-2‘ 6-2سے شکست دی ۔ نڈال نے اپنے گذشتہ بیان میں کہا تھا کہ وہ دیانتداری سے کہنا چاہتے ہیں کہ سیمی فائنل میں وہ فیڈرر کا سامنا نہیں کرنا چاہتے تھے کیونکہ کسی اور کھلاڑی کے خلاف کامیابی کسی قدر آسان ہوگی لیکن نڈال کیلئے سیمی فائنل آسان نہیں ہوگا کیونکہ ڈیل پوٹرو پھر ایک مرتبہ 2009ء یو ایس اوپن کی طرح شاندار مظاہرے کررہے ہیں جس میں ان کے طاقتور فورہینڈ اسٹروکس کافی نمایاں ہیں جس کی بدولت انہوں نے دو گھنٹے 51منٹ طویل مقابلہ میں فیڈرر کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا ۔