نیویارک ۔3 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) پانچ مرتبہ کے چمپین راجر فیڈرر کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ فرانسیسی ٹینس اسٹار جائل موفلس سے ہوگا جیسا کہ نئی نسل کے ابھرتے کھلاڑیوں سے جو امیدیں وابستہ کی گئی تھی، وہ ان امیدوں کے مطابق مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ٹورنمنٹ میں دوسرے بہترین کھلاڑی قرار دیئے جانے والے راجر فیڈرر گزشتہ 11 برسوں میں دسویں مرتبہ یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ جیسا کہ چوتھے راؤنڈ کے مقابلہ میں انہوں نے اسپین کے کھلاڑی روبیریٹو بیٹسٹا کو راست سیٹوں میں 6-4 ، 6-3 ، 6-2 سے شکست دی جبکہ موفلس نے ساتویں درجہ کے کھلاڑی گریجار دیمترو کو سخت مقابلہ کے باوجود راست سیٹوں میں 7-5 ، 7-6 (8-6) ، 7-5 سے شکست دی۔ 17 مرتبہ گرانڈ سلام چمپین فیڈرر اور موفلس کے درمیان تاحال 9 مقابلہ کھیلے گئے ہیں، جہاں 7 مرتبہ فیڈرر کامیاب رہے اور ان کی حالیہ کامیابی گزشتہ ماہ سنسناتی اوپن میں دیکھی گئی ہے۔
کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ موفلس کے خلاف مقابلہ ہمیشہ ہی مسابقتی اور دلچسپ رہتا ہے جبکہ گزشتہ مقابلہ میں تین سیٹوں پر مشتمل ایک سخت مقابلہ کا نتیجہ رہی۔ 33 سالہ فیڈرر نے چوتھے راؤنڈ کا مقابلہ کامیابی کے ساتھ شروع کیا اور ایک موقع پر وہ تیسری اور پانچویں گیم میں حریف کھلاڑی کی سرویس توڑتے ہوئے 4-1 کی سبقت حاصل کرلی تھی لیکن اپنی اس سبقت کو گنوانے کے باوجود انہوں نے متواتر دو ایسس کے ذریعہ پہلا سیٹ بآسانی اپنے نام کرلیا ۔ دوسری جانب شائقین کے پسندیدہ کھلاڑی موفلس نے دوسرے سیٹ میں پیچھے رہنے کے باوجود ڈرامائی انداز میں نہ صرف واپسی کی بلکہ جس کھلاڑی سے کافی امیدیں وابستہ تھیں ، انہیں مقابلہ میں ایک سیٹ بھی جیتنے کا موقع نہیں دیا ۔ دیمترو کے خلاف کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے موفلس نے کہا کہ یہ ان کی ایش اسٹیڈیم میں پہلی کامیابی ہے جو ان کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے۔ موفلس جنہوں نے پیر کو اپنی 28 ویں سالگرہ منائی ہے، ان کا گرانڈ سلام میں بہتر مظاہرہ 2008 ء فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں رسائی ہے جہاں انہیں فیڈرر کے خلاف شکست ہوئی تھی۔
ومبلڈن کے سیمی فائنلسٹ 23 سالہ دیمترو امید کر رہے تھے کہ رواں برس وہ گرانڈ سلام میں تیسری مرتبہ کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کریں لیکن موفلس کے خلاف 38 از خود غلطیوں کا انہیں کافی نقصان ہوا۔ موفلس کوارٹر فائنل میں رسائی تک کسی بھی مقابلہ میں کوئی سیٹ نہیں گنوایا ہے۔ علاوہ ازیں خاتون زمرہ کے مقابلہ میں ڈنمارک کی سابقہ عالمی نمبر ایک کیرولین ووزنیاکی کے شاندار مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، جیسا کہ انہوں نے 13 ویں درجہ کے اطالوی ٹینس اسٹار سارا ا یرانی کو 6-0 ، 6-1 سے شکست دی۔ 24 سالہ کیرولین کا سیمی فائنل میں مقابلہ چینی کھلاڑی پنگ شوئی سے ہوگا جنہوں نے 28 برس کی عمر میں پہلی مرتبہ گرانڈ سلام کے سیمی فائنل میں اس وقت رسائی حاصل کی ہے جب انہوں نے کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کی نوجوان کھلاڑی بلینڈا بینسک کو 6-2 ۔ 6-1 سے شکست دی۔ پنگ نے بینسک کے خلاف پہلے سیٹ میں 17 سالہ حریف کھلاڑی کی سرویس توڑتے ہوئے مقابلہ میں نہ صرف سبقت حاصل کی بلکہ اپنی گرفت بھی مضبوط کرلی۔