نیویارک ۔ 25اگست (سیاست ڈاٹ کام) یوایس اوپن ٹیم کے منتظمین نے ڈراز کا اعلان کردیا ہے۔ پانچ مرتبہ کے چمپئن راجر فیڈررکا مقابلہ کوارٹر فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ سے ہوسکتا ہے لیکن اس سے قبل فیڈررکو چوتھے سیڈ الیگزینڈر زیوریف ،ساتویں سیڈ مارین سلچ اور آسٹریلیا کے نک کیریاس کا سامنا کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ سنسناتی اوپن کے فائنل میں فیڈرر کو شکست دیکر جوکووچ نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی تھی۔ دفاعی چیمپئن اسپین کے رافیل نڈال اپنی مہم کا آغاز ہم وطن ڈیوڈ فیرر کے خلاف کریں گے۔ برطانیہ کے اینڈی مرے کا سامنا پہلے رائونڈ میں عالمی نمبر 455 آسٹریلیائی جیمز ڈک ورتھ سے ہوگا۔ خواتین سنگلز میں سابق عالمی نمبر ایک امریکہ کی سرینا ولیمز پہلا میچ پولینڈ کی میگڈا لینیٹ کے خلاف کھیلیں گی۔ ان کی بہن وینس سے سامنا تیسرے رائونڈ میں ممکن ہے۔ عالمی نمبر ایک رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو ابتدائی مرحلے میں ایسٹونیا کی کائیا کینیپی کا چیلنج درپیش ہوگا۔دوسری سیڈ کیرولین وزنیاکی کا اولین ٹکرائو آسٹریلیائی سمانتھا اسٹوسر سے ہوگا۔