فیڈرر کا نڈال اور جوکووچ کو شکست دینے کا عزم

راجرکا ریکارڈ متواتر 57واں گرانڈ سلام ٹورنمنٹ
بڑی راکٹ اور نئے کوچ سے بہتر نتائج کی امید
پہلے راؤنڈ میں آسٹریلیائی کھلاڑی جیمس ڈکورتھ سے مقابلہ
ملبورن۔11جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) راجر فیڈرر نے اپنے حریف اور خطاب کے دعویدار کھلاڑیوں رافل نڈال اور نواک جوکووچ کو آج انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مذکورہ کھلاڑیوں کو ہنوز شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ 2014ء سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن کا پیر کو آغاز ہورہا ہے اور راجر فیڈرر اس مرتبہ روایت کے برخلاف بڑی راکٹ اور نئے کوچ اسٹیفن ایڈبرگ کے ساتھ میدان میں موجود ہیں ۔

17مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن راجر فیڈرر اس وقت 32برس کے ہیں لیکن انہوں نے کہا ہے کہ رافل نڈال اور دفاعی چمپئن نواک جوکووچ کو سیزن کے پہلے گرانڈ سلام میں سرفہرست 10کھلاڑیوں سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔ آج یہاں اظہار خیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ عام خیال ہے کہ جوکووچ اور نڈال کو خطاب کیلئے دو اہم اور مضبوط دعویدار تصور کیا جارہا ہے لیکن وہ پُرامید ہیں کہ عالمی نمبر ایک نڈال اور دو مرتبہ کے دفاعی چمپئن جوکووچ کو وہ ہنوز شکست دے سکتے ہیں جب کہ سرفہرست 10کھلاڑیوں میں شامل دیگر کھلاڑیوں کو بھی انہیں ٹورنمنٹ سے باہر کرنے کا موقع دستیاب ہے۔ فیڈرر نے نام سب سے زیادہ گرانڈ سلام خطابات حاصل کرنے کا ریکارڈ درج ہے

لیکن گذشتہ چار برسوں میں وہ صرف ایک مرتبہ ومبلڈن 2012ء کا خطاب حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور درجہ بندی میں بھی انہیں تنزلی کے بعد چھٹے مقام پر پہنچنا پڑا ہے ۔ فیڈرر کو امید ہے کہ 90انچ کی راکٹ کے برعکس 98انچ راکٹ کے ساتھ اور اپنے بچپن کے ہیرو ایڈبرگ کے ساتھ سیزن کے آغاز پر ان کیلئے نتائج مختلف ہوں گے ۔ 6مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن اور اپنے کوچ ایڈبرگ کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ انہیں دیکھتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں اوراس عمر میں بھی ایڈبرگ کی فٹنس قابل ستائش ہے ۔ علاوہ ازیں ٹیم میں ان کی موجودگی میرے لئے حوصلہ افزاء ہے اور رواں برس بہتر نتائج حاصل ہوسکتے ہیں ۔

فیڈرر نے 2004‘ 2006‘ 2007 اور 2010ء میں آسٹریلین اوپن خطابات حاصل کئے ہیں اور 2003ء سے تاحال وہ یہاں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کررہے ہیں ۔ فیڈرر کا یہ ریکارڈ اور متواتر 57واں گرانڈ سلام ٹورنمنٹ ہے جیسا کہ انہوں نے جنوبی افریقہ کے وینی فیریرا کے 56 گرانڈ سلام ٹورنمنٹ میں شرکت کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے ۔فیڈرر کا پہلے راؤنڈ میں مقابلہ آسٹریلیائی امیدوں کے محور جیمس ڈکورتھ سے ہوگا ‘ جب کہ آئندہ مقابلوں میں ان کے حریف جوویلفریڈ سونگا‘ اینڈری مرے ‘ رافل نڈال اور نواک جوکووچ ہوں گے ۔ میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہاکہ ان کے پاس حریف کھلاڑیوں کے خلاف منعقدشدنی مقابلوں کا تجزیہ کرنے کیلئے زیادہ وقت دستیاب نہیں ہوا ہے لیکن ڈرا ‘ ڈرا ہوتا ہے اور اس کے مطابق کھلاڑیوں کو ٹورنمنٹ میں شرکت کرنی ہوتی ہے ۔