فیڈرر کا سیمی فائنل میں نڈال سے مقابلہ ، وکٹوریا باہر

ملبورن۔ 22 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) راجر فیڈرر اپنے پرانے اور روایتی انداز میں مظاہرہ کرتے ہوئے یہاں منعقدہ ایک دلچسپ کوارٹر فائنل میں برطانیہ کے نمبر ایک کھلاڑی اینڈی مرے کو 6-3 ،6-4، 6-7(6-8) ، 6-3 سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ، جہاں ان کا مقابلہ قدیم اور کٹر حریف رافیل نڈال سے ہوگا ۔ جنھوں نے پہلے کوارٹر فائنل میں بلغاریہ کے گریجار دیمیترو کو پہلے سیٹ میں شکست کے باوجود 3-6 ، 7-6(3) ، 7-6(7) ، 6-2 سے شکست دی ۔ فیڈرر کو مرے کے خلاف راست سیٹوں میں کامیابی کا موقع دستیاب ہوا تھا تاہم انھوں نے میچ پوائنٹ گنواتے ہوئے مرے کو مقابلے میں واپسی کا موقع دیا ،

کیونکہ یہی وہ سٹ تھا جس میں مرے نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقابلے کو چوتھے سٹ میں پہونچایا ۔ تیسرے سٹ کی نویں گیم میں مرے اُس وقت کافی برہم ہوئے جب انھوں نے نشاندہی کی کہ فیڈرر نے گیند کو دو مرتبہ زمین پر گرنے کے بعد واپس مارا تھا ۔ نڈال آج ٹورنمنٹ سے خارج ہوتے ہوئے خود کو محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوئے کیونکہ دیمیترو نے پہلا سیٹ صرف 36 منٹ میں اپنے نام کرلیا تھا ۔ سخت ترین مقابلے میں کامیابی کے بعد نڈال نے کہا کہ دیمیترو جنھیں ’’بے بی فیڈرر ‘‘ کہا جاتا ہے ان کا کھیلنے کا انداز بالکل فیڈرر سے مماثلت رکھتا ہے ۔

دریں اثناء خاتون زمرے کے کوارٹر فائنل میں آج کا سب سے بڑا حیران کن نتیجہ 2 مرتبہ کی آسٹریلین اوپن چمپین وکٹوریہ ایزرینکا کی شکست رہی جنھیں پولینڈ کی ٹینس اسٹار اگنیسز کاراڈوانسکا نے3 سیٹوں پر مشتمل مقابلے میں 6-0 ، 5-7، 6-1 سے شکست دیکر سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ سلواکیہ کی ٹینس اسٹار ڈومینکا سیبولکوا سے ہوگا جنھوں نے اپنے کوارٹر فائنل میں رومانیہ کی نمبر ایک کھلاڑی سمونا ہالیپ کو راست سٹوں میں 6-3 ، 6-0 سے شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ ہالیپ اپنے کیرئیر میں گرانڈ سلام کا پہلا کوارٹر فائنل مقابلہ کھیل رہی تھیں جنھیں ان فارم کھلاڑی ڈومینکا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ۔ڈومینکا نے اپنے گزشتہ مقابلے میں روسی کھلاڑی ماریا شاراپوا کو پہلے سیٹ میں پیچھے رہنے کے باوجود 3 سیٹوں پر مشتمل مقابلے میں شکست دی ہے ۔

اندرون 12 گھنٹوں میں یہ دوسرا موقع ہے کہ آسٹریلین اوپن 2014 ء ٹورنمنٹ سے دونوں ہی زمروں کے دفاعی چمپینس کا اخراج عمل میں آیا ہے چونکہ گزشتہ رات 5 سٹوں پر مشتمل ایک سخت ترین مقابلے کے بعد مرد زمرے کے دفاعی چمپین نواک جوکووچ کو سوئٹزرلینڈ کے اسٹانسلس واؤرنکا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔