فیڈرر کا برسبین فائنل میں آج ہیوٹ سے مقابلہ

برسبین 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر جوکہ اپنے کرئیر میں پہلی مرتبہ برسبین انٹرنیشنل میں شرکت کررہے ہیں اور یہاں اِن کے شاندار مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جیسا کہ انھوں نے سیمی فائنل مقابلہ میں فرانسیسی کھلاڑی جرمی چارڈی کے خلاف 6-3 ، 6-7، 6-3 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں اِن کا مقابلہ قدیم حریف کھلاڑی آسٹریلیائی عالمی نمبر ایک للیٹن ہیوٹ سے ہوگا جنھوں نے اپنے سیمی فائنل مقابلہ میں جاپان کے کائی نشی کوری کو 3 سیٹوں پر مشتمل بمقابلہ میں 5-7 ، 6-4 ، 6-3 سے شکست دی۔ فیڈرر کے خلاف منعقد شدنی فائنل کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ہیوٹ نے کہاکہ 15 برس قبل لیان میں ہمارا پہلا مقابلہ ہوا تھا اور ہمارے درمیان سخت ترینن مقابلوں کی ایک تاریخ ہے۔

دوسری جانب فیڈرر نے کہاکہ ہیوٹ کے خلاف فائنل میں مقابلہ اِن کے کرئیر کا ایک سنگ میل ہے کیونکہ دونوں کے درمیان طویل مسابقتی دوڑ ہے۔ فیڈرر اور ہیوٹ کے درمیان تاحال 17 مقابلے ہوئے ہیں جس میں بیشتر فتوحات فیڈرر کے نام درج ہے جبکہ آخری مرتبہ اِن دو کھلاڑیوں کا سامنا 2010 ء ہال ٹورنمنٹ میں ہوا تھا جہاں ہیوٹ نے فیڈرر کو شکست دی تھی۔ قبل ازیں سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے ماسٹر کلاس ٹینس کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل مقابلہ میں اپنے حریف آسٹریلیائی مقامی کھلاڑی مارینکو مٹوسیوک کے خلاف صرف 2 گیمز گنواتے ہوئے انتہائی شاندار مظاہرہ کے ساتھ برسبین اوپن کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ فیڈرر نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں حریف کھلاڑی کو راست سیٹوں میں 6-1 ، 6-1 سے شکست دی۔ فیڈرر کو مقابلہ کے آغاز پر مارینکو کے خلاف خصوصاً پہلے گیم میں جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا

کیونکہ ایک موقع پر مارینکو فیڈرر کی پہلی سرویس گیم میں 3 میچ پوائنٹس حاصل کرنے کے قریب پہونچ چکے تھے لیکن اِس موقع پر نہ صرف فیڈرر نے یہ میچ پوائنٹس محفوظ کئے بلکہ پہلا سیٹ بہ آسانی اپنے نام کرلیا۔ دوسرے سیٹ کے ابتداء میں بھی فیڈرر کو حریف کھلاڑی کی جانب سے بہتر مظاہرہ کا سامنا رہا لیکن چمپئن کھلاڑی نے پہلے سیٹ کا اعادہ کرتے ہوئے دوسرا سیٹ بھی بہ آسانی 6-1 سے اپنے نام کرلیا۔ دوسرا سیمی فائنل مقابلہ مقامی سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی للیٹن ہیوٹ اورجاپان کے کائی نیشی کوری کے درمیان ہوا جوکہ تین سیٹوں پر مشتمل رہا۔ جبکہ نیشی کوری نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں تیز ترین سرویس کے لئے مشہور کروشیائی کھلاڑی مارین سیلک کو 6-4 ، 5-7 ، 6-2 سے شکست دی۔