فیڈرر کا ایک اور شاندار مظاہرہ، نڈال جدوجہد کے بعد کامیاب

لندن ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک اور 7 مرتبہ کے چمپیئن راجر فیڈرر نے وملبڈن میں اپنے 18 ویں گرانڈ سلام خطاب کے تعاقب میں ایک اور شاندار کامیابی کے ذریعہ پیشقدمی جاری رکھی ہے جیسا کہ فیڈرر نے سیزن کے تیسرے گرانڈ سلام کے دوسرے راونڈ کے مقابلہ میں اپنے حریف جائس ملر کے خلاف 25 ایسیس اسکور کرتے ہوئے مقابلہ 6-3 ، 7-5 ، 6-3 سے اپنے نام کرلیا۔ اس مقابلہ کے دوران بارش کی وجہ سے چھت کو استعمال کیا گیا جس کا فیڈرر نے پورا فائدہ اٹھایا۔

صرف 94 منٹوں میں دوسرے راونڈ کی کامیابی پر اظہارخیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ وہ اپنے اس مظاہرہ سے کافی مطمئن ہیں اور خصوصاً اپنی سرویس سے وہ بیحد خوش ہیں۔ اس مقابلہ میں فیڈرر نے اپنی سرویس کے تمام صدفیصد نشانات حاصل کئے ہیں۔ فیڈرر سے قبل سنٹر کورٹ میں کھیلے گئے ایک اور مقابلہ میں رافل نڈال اپنے گذشتہ برس کے دوسرے راونڈ میں ہونے والی شکست کا حساب برابر کرتے ہوئے اس مرتبہ اپنے حریف چک جمہوریائی کھلاڑی لوکاس روسل کو شکست دی لیکن نڈال کو پہلے سیٹ میں ناکامی برداشت کرنی پڑی۔ تیز سرویس کیلئے مشہور لوکاس کو نڈال نے 4-6 ، 7-6(8-6)، 6-4 ، 6-4 سے شکست دی۔ واضح رہے 2013ء میں بھی نڈال کو اسٹیو ڈارسیس کیخلاف بھی پہلے ہی راونڈ میں شکست ہوئی تھی۔