ملبورن۔23جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ٹینس کے شائقین کیلئے جس مقابلہ کا انتظار رہتا ہے وہ کل یہاں ملبورن پارک میں آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک رافل نڈال اور 17مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئنس راجر فیڈرر کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ فیڈرر۔ نڈال کے درمیان ٹینس تاریخ کے کئی یادگار اور ریکارڈ مقابلے منعقد ہوئے ہیں اور یہ 33واں موقع ہوگا کہ ٹینس کے دو عظیم کھلاڑی پھر ایک مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف کل یہاں صف آراء ہوں گے ۔ ریکارڈس نڈال کے حق میں ہے کیونکہ انہیں فیڈرر کے خلاف 22-10 کی سبقت حاصل ہونے کے علاوہ گرانڈ سلام مقابلوں میں بھی نڈال کا پلڑا بھاری رہا ہے جب کہ آخری مرتبہ 2009ء میں دونوں کے درمیان گرانڈ سلام مقابلہ منعقد ہوا تھا جہاں نڈال نے چار سیٹوں پر مشتمل مقابلے میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ کل کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں ریکارڈس نڈال کے حق میں ضرور ہیں لیکن ٹورنمنٹ میں موجودہ فام فیڈرر کا بہتر ہے
جیسا کہ وہ نئے کوچ ایڈبرگ اور کسی قدر طویل راکٹ کے ذریعہ ٹورنمنٹ میں شاندار مظاہرہ کرنے کے علاوہ گذشتہ 11دنوں کے دوران انہوں نے کوارٹر فائنل میں جوویلفریڈ سونگا اور برطانیہ کے نمبر ایک کھلاڑی اینڈی مرے کو سیمی فائنل میں شکست دی اور اس دوران انہیں صرف ایک سیٹ گنوانا پڑا ۔ دوسری جانب 27سالہ نڈال جو کہ اپنے ریکارڈ 14ویں گرانڈ سلام خطاب کے تعاقب میں ہے اور وہ دنیا کے ایسے تیسرے کھلاڑی ہونے کے بالکل قریب ہیں جو کہ کم از کم دو مرتبہ تمام چاروں گرانڈ سلام خطابات حاصل کئے ہوں ۔ نڈال نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے ہاتھ میں تکلیف اور اس پر ٹیپ رہنے کی وجہ سے سرویس میں مشکلات ہورہی ہیں ۔ دوسری جانب فیڈرر نے اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 2012ء ومبلڈن خطاب کے بعد اپنے پہلے اور ریکارڈ 18ویں گرانڈ سلام خطاب کیلئے پُرعزم ہیں ۔ نیز نڈال کے خلاف کل یہاں کھیلے جانے والے سیمی فائنل مقابلہ میں کامیابی کیلئے پُرعزم ہیں۔ فیڈرر نے آخری مرتبہ 2007ومبلڈن کے فائنل میں نڈال کو شکست دی ہے ۔