انڈین ویلز۔11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں رواں انڈین ویلزماسٹرز ٹینس ٹورنمنٹ کے ویمنز سنگلز دوسرے مرحلے کے مقابلے میں نمبر تیرہ سیڈکیرولین ووزنیاکی اور نمبر تین سیڈ پیٹرا کویٹووا کا سفر تمام ہو گیا جبکہ سیڈڈ پلیئرزاسپین کی کارلاسواریز نوارو،کروشیا کی ڈونا ویکچ اور امریکہ کی میڈیسن کیز بھی شکست سے محفوظ نہیں رہیں، تاہم سرفہرست جاپانی کھلاڑی ناؤمی اوساکا نے فرانس کی کرسٹینا ملاڈینووچ کو 6-3 اور 6-4 سے شکست دے کر تیسرے مرحلے میں قدم رکھ دیا۔امریکہ کی وینس ولیمز ،نمبر پندرہ سیڈ جرمنی کی جولیا گورجیس، نمبر تیئیس سیڈ سوئٹزرلینڈ کی بلینڈا بین چچ،نمبر پانچ سیڈ چیک جمہوریہ کی کیرولینا پلسکووا،امریکی کرسٹینا میک ہالے ،نمبر پچیس سیڈ امریکی ڈینیئل کالنز، نمبر اکیس سیڈ ایسٹونیا کی انیٹ کونٹاویٹ،نمبر گیارہ سیڈ لیٹویا کی اناستاسیا سیواسٹووا،روس کی ایکاٹرینا الیگزینڈرووا،جرمنی کی مونا بارتھیل،نمبر چوبیس سیڈ یوکرین کی لیزیا سورینکو،نمبر نو سیڈ بیلاروس کی آرینا سبالینکا،نمبر آٹھ سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر،روس کی نٹالیا وخلیانٹسیوا اور بلجیم کی یسالین بوناوینچر نے بھی تیسرے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے۔مینز سنگلز مقابلوں میں ٹاپ سیڈ سربیا کے نوواک جوکووچ نے امریکہ کے بیور ن فراٹینگلو کو 7-6 اور 6-2 سے مات دے کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی جبکہ نمبر تین سیڈ جرمنی کے الیگزینڈر زویریو،نمبر سات سیڈ آسٹریا کے ڈومینک تھیئم اور نمبر تیرہ سیڈ کینیڈا کے مائیلوس رونیک بھی دوسرا مرحلہ پارکر گئے لیکن اسٹیفانوس اسٹسیپاس اوربورنا کورچ کو شکست ہوگئی۔ علاوہ ازیں راجر فیڈرر نے فرانس کے گوجوسیک کو راست سٹوں میں 6-1,7-5 سے شکست دیکر تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں انکا مقابلہ ہم وطن اسٹانسلس واؤرنکا سے ہوگا جنہوں نے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں امریکی کھلاڑی ایونس کو تین سٹوں پر مشتمل سخت مقابلے میں 6-7(7-4),6-3,6-3 سے شکست دی ہے۔خاتون زمرے میں مقامی امیدوں کی محور سرینا ویلمس طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے دوسرے راؤنڈ کے مقابلے میں تین گیمز کے بعد دستبردار ہوگئیں۔