فیڈرر نے ڈیل پوٹرو کو شکست دی، واؤرِنکا بھی کامیاب

میامی۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین اوپن چمپین راجر فیڈرر کے 2017ء سیزن کا شاندار سلسلہ 15 ویں مقابلے کامیابی تک پہنچ چکا تھا جیسا کہ یہاں سیزن کے دوسرے ماسٹرس ٹورنمنٹ کے ایک اہم مقابلے میں انہوں نے سابق یو ایس چمپین ارجنٹینا کے دراز قد ٹینس کھلاڑی یان مارٹن ڈیل پوٹرو کو راست سیٹوں میں شکست دی۔ تیسرے راؤنڈ کے مقابلے میں فیڈرر نے ڈیل پٹرو کو بہ آسانی6-3، 6-4 سے شکست دیتے ہوئے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان  کا مقابلہ عالمی درجہ بندی میں 14 ویں مقام پر فائز اسپینی کھلاڑی روبیرٹو بوٹسٹا آگسٹ سے ہوگا۔ فیڈرر کے خلاف شکست کے بعد ڈیل پوٹرو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رواں سیزن فیڈرر کی شاندار فتوحات کی ایک اہم وجہ ان کے بیاک ہینڈ کا طاقتور ہوجانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈرر کی یہ پہلے سے بھی طاقت تھی لیکن 6 ماہ ٹینس سے دور رہنے کے بعد انہوں نے اپنے بیاک ہینڈ کو مزید طاقتور بنالیا ہے۔ دوسری جانب سے 2005ء اور 2006ء کے چمپین فیڈرر نے کہا کہ میں اس مقابلے میں زیادہ جارحانہ کھیل پیش کررہا تھا۔ علاوہ ازیں مرد زمرے کے سنگلز مقابلوں میں ٹورنمنٹ کے سرفہرست کھلاڑی اسٹانسلس واؤرِنکا نے مالیک جازیری کو راست سیٹوں میں 6-3، 6-4 سے شکست دی۔ آسٹریلیا کے اُبھرتے کھلاڑی نک کائر گیؤس نے تیز رفتار سرویس کیلئے مشہور آئیوو کارلووچ کو ایک سخت مقابلے کے بعد 6-4، 6-7(4-7)،(7-2) 7-6، سے شکست دی۔ عالمی نمبر 10 ٹامس برڈک نے جائیلس مُلر کو 6-3 ، 6-4 سے شکست دی۔ خاتون زمروں کے مقابلوں میں سابق عالمی نمبر ایک ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو اس وقت پیش قدمی کا موقع ملا جب ان کی حریف اسپینی کھلاڑی گاربین مگروزا شدید گرمی کی وجہ سے مقابلے سے دستبردار ہوئیں۔