لندن ۔ 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) راجر فیڈرر نے انتہائی شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی کھلاڑی اینڈی مرے کو ایکطرفہ مقابلہ میں 6-0 ، 6-1 سے شکست دی۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ برطانیہ کے نمبر ایک کھلاڑی مرے کو 6-0 ، 6-0 شکست ہوگی کیونکہ دوسرے سیٹ میں فیڈرر 5-0 کی سبقت حاصل کرنے کے علاوہ مرے کی سرویس پر 30-0 کی سبقت بھی بنا لی تھی لیکن اس موقع پر مرے اپنی سرویس کو برقرار رکھتے ہوئے مقابلہ میں صرف ایک گیم اپنے نام کرپائے اور مرے نے جب یہ گیم اپنے نام کی تو میدان میں موجود مقامی شائقین نے ایک قسم کا جوش دیکھا گیا اور وہ اپنے کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کررہے تھے۔ فیڈرر نے اس کامیابی کے ذریعہ متواتر بارہویں مرتبہ اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرتے ہوئے آئیون لنڈل کے ریکارڈ کی برابری کرلی ہے۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ وہ جانتے تھے کہ انہیں سیمی فائنل میں رسائی مل چکی ہے جس کی وجہ سے وہ کسی قدر بے خوف ہوچکے تھے۔
مرے کیلئے یہ 7 برسوں میں انتہائی شرمناک شکست ہے کیونکہ 2007ء کے میامی میں کھیلے گئے مقابلہ میں نواک جوکووچ کے خلاف بھی مرے کو اسی طرح کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی جہاں وہ صرف ایک گیم اپنے نام کر پائے تھے۔ شکست کے بعد مرے نے کہا کہ اگر وہ بہتر مظاہرہ بھی کرتے تو فیڈرر کو کامیابی سے روکنا ممکن نہیں تھا کیونکہ وہ تیز رفتار ریٹرن کرنے کے علاوہ سرویس بھی ابتدائی چند گیمس کے بعد شاندار کرلی تھی۔ مرے کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے فیڈرر کو راست سیٹوں میں شکست دینی ضروری تھی کیونکہ دن کے پہلے مقابلہ میں جاپانی ٹینس اسٹار کائی نشی کوری نے اسپینی ٹینس اسٹار ڈیویڈ فیرر کو ایک سخت مقابلہ کے بعد 4-6 ، 6-4، 6-1 سے شکست دی تھی۔ فیرر کو گروپ مرحلہ کے آخری مقابلہ میں شرکت کا موقع اس لئے ملا کیونکہ ٹورنمنٹ کے ابتدائی دو مقابلوں میں شرکت کرچکے مائیلوس راونک زخمی ہوکر ٹورنمنٹ سے دستبردار ہوئے۔ فیڈرر کو سیزن کے آخری ٹورنمنٹ میں کامیابی کا موقع دستیاب ہے لیکن نمبر ایک مقام پر واپسی کیلئے ضروری ہیکہ نواک جوکووچ کو گروپ مرحلہ کے آخری مقابلہ میں شکست ہو۔