میامی ۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )دفاعی چمپین جان اسنر کی برق رفتار سرویس کے خلاف 20 مرتبہ کے چمپین راجر فیڈرر نے خطابی مقابلہ میں بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہونے کا خیال ظاہر کیا ہے۔ فیڈرر جنہوں نے سیمی فائنل مقابلے میں ابھرتے ٹینس اسٹار ڈینس شاپو والو کے خلاف بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے 6-2، 6-4 کی کامیابی حاصل کی ہے تو جانب جان اسنر نے ڈینس کے دوست فلیکس آئیگر کے خلاف مسابقتی مقابلے میں7-6(7-3)، 7-6(7-4) کی کامیابی حاصل کی جس میں انہوں نے 21 ایسیس بھی مارے تاہم فائنل میں انہیں خطاب کے دفاع کیلئے فیڈرر کو شکست دینی ہوگی جو کہ متواتر 3 ٹورنمنٹس کے فائنلس میں رسائی حاصل کرچکے ہیں تاہم گزشتہ ہفتہ انہیں فائنل میں ڈومینک تھیم کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ فائنل میں اسنر کے خلاف مقابلے کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ دراز قد کھلاڑی کی سرویس انتہائی شاندار ہوتی ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ فٹبال کا شوٹ آؤٹ ہورہا ہے۔ فیڈرر نے مزید کہا کہ دیانت داری سے کہا جائے تو وہ اسنر کا مظاہرہ دیکھنا پسند کرتے ہیں اور وہ امریکی کھلاڑی کے بڑے مدح ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تاحال 7 مقابلے ہوئے ہیں جس میں فیڈرر کو 5-2 کی سبقت حاصل ہے، تاہم آخری مرتبہ دونوں کھلاڑیوں نے 2015ء میں مقابلہ کھیلا تھا جہاں ٹائی بریکس میں فیڈرر کو شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔