دبئی ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) گرانڈ سلام خطابات کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے والے راجر فیڈرر نے سیزن کے شاندار نتائج کے حصول کے امید کے ساتھ یہاں دبئی اوپن کا شاندار آغاز کرتے ہوئے ٹورنمنٹ کے دوسرے راونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ مقابلے کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے فیڈرر نے جرمنی کے ایک وقت میں سرفہرست 40 کھلاڑیوں میں شامل بنجامن بیکر کو 6-1,6-4 سے شکست دی۔ آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں رافل نڈال کے خلاف شکست برداشت کرنے کے بعد پہلا مقابلہ کھیل رہے فیڈرر نے اپنے حریف کو صرف 62 منٹوں میں میدان سے باہر کا راستہ دکھادیا۔
32 سالہ فیڈرر جوکہ عالمی درجہ بندی میں فی الحال آٹھویں مقام پر پہنچ چکے ہیں، وہ دبئی میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں ہوئی شکست کو ایک نئے سیزن کا آغاز ثابت کرنا چاہتے ہیں اور وہ کوشاں ہیکہ آسٹریلین اوپن کی شکست انہیں پیچھے ڈھکیلنے والی شکست نہیں بلکہ اس شکست کے ذریعہ وہ سیزن کو مزید بہتر بنانے کے کوشاں ہے۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ ان کیلئے صحتمند اور بہتر مظاہرہ کے ذریعہ مقابلوں کے سیمی فائنل اور فائنلس تک استقلال کے ساتھ پہنچنا ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ فی الحال وہ بہترین ٹینس کھیل رہے ہیں جیسا کہ انہوں نے آسٹریلین اوپن میں ومبلڈن چمپیئن اینڈی مرے اور دیگر اہم کھلاڑیوں کو شکست دی ہے۔
فیڈرر نے بنجامن بیکر کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں کئی دلکش اسٹورکس کھیلے ہیں اور کہا ہیکہ جارحانہ کھیل کیلئے ضروری ہوتا ہیکہ کھلاڑی میں اعتماد موجود رہے۔ دریں اثناء ڈبلس مقابلوں میں ہندوستانی ٹینس اسٹار روہن بوپنا اور ان کے پاکستانی ساتھی کھلاڑی اعصام الحق قریشی نے کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ ہند۔ پا ک جوڑی نے اپنے مقابلہ میں نیکولے ڈیوڈنکو اور وکٹر ہنسکو ایک سخت مقابلے کے بعد 6-1 ، 5-7 ، 10-8 سے شکست دی۔ دوسرے درجہ کی جوڑی کا مظاہرہ اس مقابلہ میں بہتر رہا جیسا کہ ہند۔ پاک جوڑی نے اپنی حریف جوڑی کی پہلے سیٹ میں دو مرتبہ سرویس توڑی لیکن دوسرے سیٹ میں حریف ٹیم نے واپسی کرتے ہوئے مقابلہ کو تیسرے راونڈ میں پہنچایا۔