فیڈرر سیمی فائنل میں داخل، نڈال کا 2014 سیزن ختم

بیسل 25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک اسپینی ٹینس اسٹار رافل نڈال کو یہاں راجر فیڈرر کے آبائی شہر بیسل میں کھیلے جارہے سوئس انڈورس کے کوارٹر فائنل میں 17 سالہ نوجوان کھلاڑی بورنا کوریک کے خلاف حیران کن طور پر 6-2 ، 7-6(7-4) کی شکست ہوئی جس کی وجہ سے وہ نہ صرف رواں ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکے ہیں بلکہ اِس شکست کے ساتھ اِن کے 2014 سیزن کا اختتام بھی ہوگیا ہے کیونکہ وہ اپنڈیکس کا آپریشن کروائیں گے۔ 9 مرتبہ فرنچ اوپن خطابات اور مجموعی طور پر 14 گرانڈ سلام اپنے نام کرچکے نڈال کا 3 نومبر کو آپریشن ہوگا۔ اِس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے نڈال نے کہاکہ اب جبکہ مجھے اپنڈیکس کا آپریشن کروانا ہے لہذا آئندہ ہفتہ پیرس ماسٹرس اور 9 نومبر کو شروع ہونے والے سرفہرست 8 کھلاڑیوں کے ٹورنمنٹ ورلڈ ٹور فائنلس میں شرکت کرنا عقلمندی نہیں ہے

لہذا آج کا دن 2014 سیزن کو الوداع کہنا کا دن ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ رواں سیزن کے ابتدائی 6 ماہ میرے لئے کافی بہتر رہے لیکن موسم گرما کے آخری تین مہینے میرے لئے کافی مشکل ترین رہے جس میں زخموں سے پریشان رہنے کے علاوہ اب اپنڈیکس کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔ میں پیرس اور لندن کا سفر نہیں کررہا ہوں کیونکہ 3 نومبر کو مجھے اپنڈیکس کا آپریشن کروانا ہے۔ دریں اثناء مقامی کھلاڑی اور خطاب کے مضبوط دعویدار راجر فیڈرر نے اپنے ہی انداز میں کھیل پیش کرتے ہوئے عالمی شہرت حاصل کرنے والے بلغاریہ کے گریجار دیمترو کو راست سیٹوں میں 7-6(7-4) ، 6-2 سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں اِن کا مقابلہ موجودہ کھلاڑیوں میں سب سے تیز سرویس کے لئے مشہور آئیوؤ کارلووچ سے ہوگا جنھوں نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں جرمنی کے بنجامن بیکر کو راست سیٹوں میں 6-4 ، 6-4 سے شکست دی۔ کوارٹر فائنل میں کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہاکہ کارلووچ کے خلاف مقابلہ شوٹ آؤٹ کھیلنے کے مترادف ہوتا ہے۔

فیڈرر کے بموجب کارلووچ کے خلاف جو مقابلہ کھیلا جاتا ہے تو اُن کی سرویس کے خلاف صرف صحیح مقام پر کھڑے رہنے کے علاوہ کوئی دوسری حکمت عملی نہیں ہوسکتی۔ فیڈرر نے سیزن کی 65 ویں کامیابی حاصل کرتے ہوئے رواں ٹورنمنٹ میں فتوحات کے ریکارڈ کو 54-9 تک پہونچا دیا ہے۔ نڈال اور کورک کے درمیان کھیلے گئے مقابلہ کے دوران خصوصاً ابتدائی سیٹ میں نڈال ایک دوسرے درجہ کے کھلاڑی جبکہ کروشیا سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ نوجوان کھلاڑی کا مظاہرہ غیرمعمولی دکھائی دے رہا تھا۔ عالمی درجہ بندی میں 124 ویں مقام پر فائز کورک نے پہلے سیٹ میں نڈال کی ایک سے زائد مرتبہ سرویس توڑتے ہوئے 5-0 کی سبقت حاصل کرلی تھی لیکن دوسرے سیٹ میں نڈال نے کامیابی کی کوشش ضرور کی تاہم وہ نوجوان کھلاڑی کے بہتر مظاہرہ کے خلاف بے بس رہے۔ نڈال نے نہ صرف مقابلہ کو اپنے لئے مشکل قرار دیا بلکہ مکمل ٹورنمنٹ کو مشکل ترین ٹورنمنٹ قرار دیا کیونکہ اینٹی بائیوٹک ادویات کے استعمال سے وہ تھکان کا شکار ہورہے تھے اور تھکان کے دوران بہتر مظاہرہ ناممکن ہے۔ ایک اور مقابلہ میں ڈیوڈ گوفن نے ساتویں درجہ کے کھلاڑی اور لندن ٹورنمنٹ میں رسائی کے امیدوار مائیلو سرونک کو سخت مقابلہ کے بعد 6-3(3-7) ، 6-3 ، 6-4 سے شکست دی۔