فیڈرر سیزن کے بہترین آغاز پر مطمئن

بیسل۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گرانڈ سلام خطابات میں عالمی ریکارڈ یافتہ ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے 2014ء سیزن کے کامیاب آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ حالانکہ انہیں گزشتہ ہفتہ منعقدہ انڈین ویلز اوپن کے خطابی مقابلے میں نواک جوکووچ کے خلاف 3 سیٹوں پر مشتمل مقابلے میں شکست ہونے کے علاوہ یہاں پانچویں خطاب سے بھی محروم ہونا پڑا لیکن 2014ء میں وہ 2 ہفتے قبل دبئی اوپن میں خطاب حاصل کرچکے ہیں اور اس خطاب کے حصول کے دوران فیڈرر نے جوکووچ کو سیمی فائنل میں تین سیٹوں پر مشتمل مقابلے میں شکست دی۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران فیڈرر کا 2014ء سیزن میں یہ کامیاب آغاز ہے۔ رواں برس آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل، اس سے قبل سڈنی اوپن اور انڈین ویلز کے فائنل میں شکست کے علاوہ دبئی اوپن میں خطاب حاصل کرلیا ہے

جوکہ فیڈرر کا گزشتہ دو برس کے دوران سیزن کا بہترین آغاز ہے۔ اس سیزن کے دوران فیڈرر کے فتوحات کے اعداد و شمار 19.3 ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے سرفہرست 10 کھلاڑیوں کے خلاف 4-2 کی کامیابی بھی حاصل کی ہے۔ اس دوران فیڈرر نے جوکووچ، اینڈی مرے، جوویلفریڈ سونگا اور ٹامس برڈک کو بھی شکست دی ہے۔ علاوہ ازیں ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں تین مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے اب پانچواں مقام حاصل کرلیا ہے۔ فیڈرر نے اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مظاہروں میں استقلال سے مطمئن ہیں اور رواں ہفتہ میامی میں منعقد شدنی سونی اوپن میں بہتر مظاہرہ کیلئے پُرعزم ہیں، کیونکہ گزشتہ برس انہوں نے پیٹھ کی تکلیف کے باعث اس ٹورنمنٹ میں شرکت نہیں کی تھی۔