روم ۔18مئی (سیاست ڈاٹ کام) اٹالین اوپن کے مینز سنگلز کوارٹر فائنل مرحلے میں سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال نے ہم وطن حریف فرنانڈو ورڈاسکوکیخلاف 6-4 اور 6-0 سے کامیابی کی بدولت سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی تاہم سوئس اسٹار راجر فیڈررکا سفر اختتام کو جا پہنچا جو زخمی ہونے کے سبب میدان میں نہیں اتر سکے اور یونان کے اسٹیفانوس اسٹسیپاس نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جو پری کوارٹر فائنل میچ میں نمبر دس سیڈ اٹلی کے فیبیو فوگنینی کو ہرا چکے تھے۔ایک اور لاسٹ ایٹ راؤنڈ میچ میں ارجنٹینا کے ڈیگو شوارٹزمین نے نمبر چھ سیڈ جاپانی حریف کائی نیشکوری کو 6-4 اور 6-2 سے حیران کن شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔جبکہ نواک چوکوچ نے ڈیل پوٹرو کو ایک سخت مقابلے کے بعد 4-6 7-6 (8-6) 6-4سے شکست دی۔خاتون زمرے کے مقابلوں میں برطانیہ کی جوہانا کونٹا نے چیک جمہوریہ کی مارکیٹا ونڈوروسووا کو 6-3، 3-6 اور 6-1 جبکہ کیرولینا پلسکووا نے وکٹوریہ ازارینکا کو 6-7،6-2 اور6-2 سے شکست دی تاہم ٹاپ سیڈ جاپان کی ناؤمی اوساکا زخمی ہونے کی وجہ سے نمبر چھ سیڈ ہالینڈ کی ککی برٹینز کیخلاف دستبردار ہو گئیں اور یونان کی ماریا سکاری نے فرانس کی کرسٹینا ملاڈینووچ کو 5-7،6-3 اور 6-0 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔