فیڈرر جدوجہد کے بعد سیمی فائنل میں داخل

میامی ۔ 31 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) روجر فیڈرر کی میامی اوپن میں مہم ایک نشان کے فرق سے ختم ہوتے ہوتے بچی کیونکہ وہ کوارٹر فائنل میں ٹامس برڈیک کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن سٹ کے ٹائی بریکر میں 4-6 سے پیچھے تھے لیکن اس موقع پر برڈیک کی جانب سے دباؤ کے دوران کئے جانے والے دو دوہری غلطیوں کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے مقابلے کو 6-2 ، 3-6 ، 7-6(6) کے ذریعہ اپنے نام کرلیا ۔ اس سنسنی خیز مقابلے کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہاکہ میں یقینا بہت خوش قسمت ہوں کیونکہ یہ مقابلہ کسی بھی لمحے کسی بھی کھلاڑی کے حق میں ہوتا جارہا تھا ۔ انھوں نے مزید کہا کہ فیصلہ کن سٹ میں ایک موقع پر میں بہ آسانی مقابلے میں کامیابی کے قریب پہونچ چکا تھا ، جس کے بعد برڈیک نے واپسی کرتے ہوئے مقابلے پر گرفت مضبوط کرلی اور وہ ایک موقع پر مقابلے میں کامیابی کیلئے سرویس کررہے تھے ۔ سیمی فائنل میں فیڈرر کا مقابلہ آسٹریلیا کے اُبھرتے کھلاڑی نک کائیر گوئیس سے ہوگا جنھوں نے اپنے کوارٹر فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد الیکزنڈر ژرور کے خلاف 6-4، 6-7(9) ، 6-3 کی کامیابی حاصل کی ۔ یہ مقابلہ ڈھائی گھنٹے طویل رہا جس میں نک نے 16 ایسس مارے ۔ خاتون زمرے کے مقابلے میں سابقہ عالمی نمبر ایک ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی نے اپنی حریف کیرولینا لیسکووا کو 5-7، 6-1، 6-1 سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ فیڈرر کے خلاف کل کھیلے جانے والے سیمی فائنل مقابلے کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے نک نے کہاکہ فیڈرر عظیم ترین کھلاڑی ہیں اور وہ میرے پسندیدہ ٹینس اسٹار بھی ہیں ۔ گزشتہ ماہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان انڈین ویلز کا کوارٹر فائنل کھیلا جانا تھا لیکن نک طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے مقابلے سے دستبردار ہوئے تھے ۔ میامی اوپن کے فائنل میں فیڈرر کا نڈال سے مقابلہ متوقع ہے کیونکہ دوسرے سیمی فائنل میں نڈال فابیو فوگ نینی کا سامنا کریں گے ۔