فیڈرر اور واؤرنکا کی بدولت سوئٹزرلینڈ کی فائنل میں رسائی یقینی

جنیوا۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)17 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپین راجر فیڈرر کو اطالوی ٹینس اسٹار سیمون بولیلی کے خلاف کامیابی کے لئے مقابلہ کے آغاز پر سخت محنت کرنی پڑی۔ جبکہ آسٹریلین اوپن چمپین اسٹانسلس واؤرِنکا نے فیبیو فوگنینی کے خلاف ایک آسان کامیابی حاصل کرتے ہوئے اٹلی کے خلاف ڈیوس کپ کے سیمی فائنل میں اپنی ٹیم سوئٹزرلینڈ کو 2-0 کی اہم سبقت دلوائی ہے۔ فیڈرر نے سیمون کو 7-6 (5) ، 6-4 ، 6-4 سے شکست دی جبکہ واؤرنکا نے فوگنینی کو راست سیٹوں میں 6-2، 6-3، 6-2 سے شکست دی۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے راجر فیڈرر نے کہا کہ مقابلے کے آغاز اور ابتدائی سیٹ میں کامیابی اور شکست کا فرق کافی قریب تھا،

لیکن مَیں نے دوسرے سیٹ میں اپنے کھیل کے معیار کو بلند کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کی سروس جلد توڑ دی۔ فیڈرر کے بموجب میدان کافی تیز رفتار رہا جس کی وجہ سے کھیل کے ساتھ ہم آہنگی میں کافی دشواری ہورہی تھی، لیکن جب کھلاڑی ایک مرتبہ بہتر سروس کرنے لگا تو پھر اس کا فائدہ آسانی سے ہونے لگا۔ سوئٹزرلینڈ آخری مرتبہ 1992ء میں فائنل میں رسائی حاصل کی تھی جہاں اسے امریکہ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ دوسری جانب اٹلی کو 1998ء میں فائنل میں رسائی کا موقع ملا تھا، تاہم اسے بھی خطابی مقابلے میں سویڈن کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ علاوہ ازیں فیڈرر کی خواہش ہے کہ وہ اپنے کریر میں جس ڈیوس کپ کے خطاب کی کمی ہے ، اس کو اس موقع پر پورا کرلیں۔