مونٹریال 7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن کے ضمن میں افتتاحی ٹورنمنٹ راجرس کپ کا مونٹریال میں آغاز ہوا ہے جس کے ساتھ ہی رواں سیزن آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن اوپن خطابات جیتنے والے راجر فیڈرر کے ہمراہ فرنچ اوپن چمپئن رافل نڈال کے درمیان نمبر ایک دوڑ مزید تیز ہوگئی ہے جبکہ مونٹریال میں رواں ہفتے کھیلے جارہے اِس ٹورنمنٹ میں نڈال کے لئے نمبر ایک مقام حاصل کرنا آسان ہے۔ فیڈرر جنھوں نے میامی میں نڈال کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے ماسٹرس خطاب حاصل کیا ہے وہ بھی یہاں خطاب حاصل کرتے ہوئے نمبر ایک مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں رواں ہفتے آسٹریلین اوپن اور میامی ماسٹرس کے بعد فیڈرر اور نڈال کے درمیان ایک اور فائنل متوقع ہے۔ دریں اثناء یو ایس اوپن چمپئن اسٹانسلس واؤرنکا اور نواک جوکووچ پہلے ہی سیزن کے تمام ٹورنمنٹس سے دستبرداری اختیار کرلی ہے جبکہ عالمی نمبر ایک اینڈی مرے بھی راجر کپ سے سبکدوش ہوچکے ہیں۔ فیڈرر اور نڈال کے درمیان رواں سیزن کے تین گرانڈ سلام تقسیم ہوئے ہیں جس میں آسٹریلین اوپن کے بعد فیڈرر کو ومبلڈن اوپن بغیر کسی سیٹ گنوائے حاصل کرنے کا موقع ملا وہیں نڈال بغیر سیٹ گنوائے فرنچ اوپن میں اپنا دسواں خطاب حاصل کیا ہے۔ فیڈرر اور نڈال کے علاوہ یہاں جو کھلاڑی خطاب کے لئے اپنی دعویداری پیش کرنے کے علاوہ یو ایس اوپن میں بھی خطاب حاصل کرسکتے ہیں اِن میں جرمنی کے اُبھرتے کھلاڑی الیکزینڈر زیروف بھی قابل ذکر ہیں جنھوں نے گزشتہ روز سٹی اوپن خطاب حاصل کرتے ہوئے رواں سیزن 4 خطابات حاصل کئے ہیں۔ راجرس کپ کے لئے جہاں راجر فیڈرر کو خطاب کے لئے سب سے پسندیدہ موقف حاصل ہے کیوں کہ انھوں نے آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن اوپن کے علاوہ انڈین ویلز اور میامی میں بھی ہارڈ کورٹ کے ماسٹر خطابات حاصل کئے ہیں تو دوسری جانب نڈال کو ٹورنمنٹ کے اختتامی مرحلے تک رسائی حاصل کرتے ہوئے نمبر ایک مقام حاصل کرنے کا بہترین موقع دستیاب ہے۔ خطابی راہ ان کے لئے کافی مشکل ہے کیوں کہ انھیں پہلے بورنا کورک کے خلاف مقابلہ کرنا ہے جس کے بعد اگلے ہی مرحلہ میں انھیں سابق یو ایس اوپن چمپئن یان مارٹن ڈیل پوٹرو اور مقامی کھلاڑی میلوس رانک کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ علاوہ ازیں کوارٹر فائنل میں انھیں ڈیوڈ گاؤفن یا جان ایسنر کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔ راجر فیڈرر یہاں دو مرتبہ خطاب حاصل کرچکے ہیں لیکن مونٹریال میں وہ 6 برس بعد پہلی مرتبہ میدان میں اُتریں گے۔ واضح راجر کپ ایک سال مونٹریال میں تو دوسرے سال ٹورنٹو میں کھیلا جاتا ہے۔ فیڈرر پہلی مرتبہ مونٹریال میں راجر کپ کھیل رہے ہیں۔ انھیں کوارٹر فائنل میں گزشتہ برس کے رنر اپ کائی نشی کوری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔