فیڈرر اور مرے کی پیرس ماسٹرس میں پیشقدمی

پیرس۔30اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راجر فیڈرر کو یہاں پیرس ماسٹرس کے پہلے مرحلے میں کامیابی کیلئے مقامی اور پسندیدہ کھلاڑی جرمی چارڈی کے خلاف سخت جدوجہد کرنی پڑی جب کہ اینڈی مرے نے بہ آسانی کامیابی حاصل کرلی ۔ 17مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن راجر فیڈرر نے چارڈی کو 7-6(5) ‘ 6-7(5) ‘ 6-4سے شکست دیتے ہوئے تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرتے ہوئے ٹینس کے عالمی درجہ بندی میں پہلے مقام کے حصول کی سمت اپنی پیشقدمی جاری رکھا ہے ۔ فیڈرر کو پہلے مقابلے میں بہ آسانی کامیابی حاصل ہوسکتی تھی لیکن چارڈی جنہوں نے گذشتہ مرتبہ روم ماسٹرس میں فیڈرر کو شکست دی تھی ‘ اس مقابلے میں بھی حریف کھلاڑی کیلئے حالات مشکل کردیئے ۔ چارڈی نے دوسرے سیٹ میں 5-4سے پیچھے رہنے کے باوجود اس موقع پر دو میچ پوائنٹ محفوظ کرنے کے علاوہ سیٹ کو ٹائی بریکر میں اپنے نام کرتے ہوئے فیڈرر کی کامیابی کو ایک سیٹ کے لئے موخر کردیا ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے راجر فیڈرر نے کہا کہ چارڈی نے ماضی میں بھی میرے لئے مقابلوں کو مشکل کیا تھا اور آج بھی انہوں نے مجھے ایک آسان کامیابی سے دور رکھا ۔ تیسرے راؤنڈ میں فیڈرر کا مقابلہ ایک اور فرانسیسی ٹینس اسٹار لوکاس سے ہوگا ۔33سالہ فیڈرر جو متواتر دو خطابات اور 12مقابلوں میں ناقابل تسخیر رہتے ہوئے یہاں پہنچے ہے اور انہیں نواک جوکووچ سے پہلا مقام چھیننے کیلئے 490 نشانات درکار ہے نیز پیرس اور لندن میں اے ٹی پی فائنلس کے دوران فیڈرر کو 2500نشانات حاصل کرنے کا موقع دستیاب ہے ۔ علاوہ ازیں ڈیوس کپ کے فائنل میں بھی شرکت سے انہیں نشانات حاصل ہوں گے ۔