فیڈرر اور مرے سونی اپون کے چوتھے راونڈ میں داخل

میامی ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپیئن اینڈی مرے اور دو مرتبہ کے چمپیئن راجر فیڈرر نے سخت موسم کے علاوہ اپنے حریف کھلاڑیوں کو شکست دیتے ہوئے سونی اوپن کے چوتھے راونڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ عالمی درجہ بندی میں پانچویں مقام پر فائز راجر فیڈرر نے ڈنمارک کے تھیموڈی بیکر کو راست سیٹوں میں 6-3 ، 6-3 سے شکست دی۔ فیڈرر نے صرف ایک گھنٹے کے آس پاس یہ کامیابی حاصل کرلی جبکہ دفاعی چمپیئن اور عالمی درجہ بندی میں چھٹے مقام پر فائز مرے نے پریکٹس کے اپنے ساتھی کھلاڑی فلیشیانو لوپیز کو 6-4 ، 6-1 سے شکست دی ہے۔ فیڈرر نے رواں سیزن اپنی 21 ویں کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مرحلہ میں ان کا مقابلہ فرانس کے رچرڈ گیسگے سے ہے جن کے متعلق انہیں معلومات اکھٹا کرنی ہے

کیونکہ آخری مرتبہ رچرڈ کے خلاف انہوں نے نومبر میں سیزن کے اختتامی ٹورنمنٹ میں مقابلہ کیا تھا۔ فیڈرر نے مزید کہا کہ موجودہ مظاہروں کی وجہ سے ان کا اعتماد کافی بلند ہوا ہے اور وہ آئندہ مقابلہ میں بھی بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں۔ مرے کا چوتھے راونڈ میں مقابلہ فرانسیسی کھلاڑی جو ویلفریڈ سونگا سے ہوگا جنہوں نے ایک موقع پر مقابلہ میں شکست کے قریب پہنچنے کے باوجود حریف کھلاڑی مارکس بغداتیس کو 4-6 ، 7-6(8-6) ، 7-5 سے شکست دی۔ نیز ڈیویڈ فیرر نے اطالوی کھلاڑی اینڈریس سپی کو 6-3 ، 6-2 سے شکست دی ہے۔